رسائی کے لنکس

میری شادی ’پبلسٹی سٹنٹ‘ نہیں ہے: وینا ملک


میری شادی ’پبلسٹی سٹنٹ‘ نہیں ہے: وینا ملک
please wait

No media source currently available

0:00 0:20:33 0:00

’ واشنگٹن میں ’وائیٹ ویڈنگ‘ ہوگی۔ معلوم نہیں کہ ریما واشنگٹن میں رہتی ہیں۔ سکارف ہمیشہ پہنوں گی اور یہ میرا اللہ کے ساتھ وعدہ ہے۔ مولانا طارق جمیل نے نکاح پڑھایا۔ کمرشل فلموں کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اپنی زندگی سے بے حد مطمئن ہوں‘۔۔۔ وینا ملک اور شوہر اسد بشیر کا وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو۔

’میں شادی سے ہمیشہ دور بھاگتی رہی مگر جب اسد نے مجھ سے شادی کے لیے پوچھا تو میرے ذہن میں کوئی دوسرا خیال نہیں آیا۔ جب کوئی چیز درست سمت میں جا رہی ہوتی ہے تو آپ کا دل اس کی گواہی دیتا ہے۔ میرے دل نے گواہی دی اور میں نے اسد سے شادی کرلی‘۔ یہ کہنا تھا وینا ملک کا جو اپنے شوہر اسد بشیر کے ساتھ آج کل واشنگٹن آئی ہوئی ہیں اور اپنے سسرالی گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ اسد بشیر ایک بزنس مین ہیں اور شوقیہ گلوکار بھی ہیں۔

وینا سے ہماری ملاقات واشنگٹن ڈی سی کے مضافاتی علاقے الیگزینڈریا کے مشہور اولڈ ٹاؤن میں طے تھی جہاں صبح کے وقت سردی قیامت ڈھا رہی تھی۔ مگر وینا اور اسد شدید سردی کے باوجود گھڑی کی سوئی سے سوئی ملا کر انٹرویو کے لیے اولڈ ٹاؤن کے واٹر فرنٹ پہنچ گئے۔

ہم نے گفتگو کا آغاز اسی سوال سے کیا جو آج کل ہر کسی کی زبان پر ہے، ’سوشل میڈیا پر آپ ایک مرتبہ پھر موضوع ِ بحث بنی ہوئی ہیں اور لوگ آپ کی شادی کو ایک نیا ’پبلسٹی سٹنٹ‘ قرار دے رہے ہیں۔ حقیقت کیا ہے؟‘۔۔۔ وینا کے چہرے کی مسکراہٹ بتا رہی تھی کہ وہ اس سوال کے لیے ذہنی طور پر تیار تھیں، بولیں، ’میری شادی ’پبلسٹی سٹنٹ‘ نہیں ہے۔ لوگوں نے ماضی میں بھی مجھ سے بہت سی باتیں منسوب کیں لیکن وہ میری حقیقیت نہیں۔ اگر لوگوں کو ایسا لگتا ہے تو یہ ان کا مسئلہ ہے۔ ایک سیلیبرٹی کی زندگی میں تو یہ سب چلتا ہی رہتا ہے‘۔

وینا اور اسد بتاتے ہیں کہ دوبئی میں امریکی ایمبیسی میں ہونے والی ملاقات کے بعد دوستی اور شادی کے مراحل تیزی سے طے پاگئے۔ نکاح کا انتظام مولانا طارق جمیل نے کیا جنہیں وینا ملک اپنا ’روحانی والد‘ قرار دیتی ہیں۔ جبکہ وینا اور اسد دونوں ہی شادی کے بعد عمرے کی سعادت کو اپنے لیے خوش بختی قرار دیتے ہیں۔

کہاں شوبز کی چکا چوند، فلم نگری اور یکدم شادی کے بعد اللہ تعالیٰ کے گھر کا سفر۔۔۔ پہلی مرتبہ اللہ تعالیٰ کے گھر کے دیدار کو وینا کچھ یوں بیان کرتی ہیں، ’اللہ تعالیٰ کے گھر جانے کا تجربہ بہت منفرد تھا۔ وہاں جا کر یوں لگتا ہے کہ جیسے آپ کی روح موجود ہے اور جسم باقی نہیں ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو اپنے گھر بلائے‘۔۔۔

’آپ نے عمرے کے بعد سے سکارف لینا شروع کیا ہے۔ کیا یہ تبدیلی وقتی ہے یا آپ نے اس حوالے سے بھی کوئی فیصلہ کر لیا ہے؟‘ اس سوال کے جواب میں وینا کا کہنا تھا کہ، ’میں انٹرنیٹ پر اپنے بارے میں لوگوں کی رائے پڑھتی رہتی ہوں جن کا کہنا ہے کہ دیکھتے ہیں کہ وینا کی یہ تبدیلی کتنی دیر کی ہے۔ مگر میں سکارف کروں گی کیونکہ یہ میرا فیصلہ ہے اور یہ میرا اپنے آپ سے وعدہ ہے، طارق جمیل صاحب سے وعدہ ہے اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ سے وعدہ ہے‘۔

’پہلی مرتبہ امریکہ آئی ہیں، یہ ملک آپ کو کیسا لگا؟‘۔۔۔ وینا کا کہنا تھا کہ، ’امریکہ بہت اچھا ہے اور یہاں کے لوگ بھی بہت اچھے ہیں۔ ہر کوئی ہنس کے ملتا ہے اور آپ کا حال پوچھتا ہے‘۔۔۔

اگلے ہفتے واشنگٹن میں ہی وینا ملک ’وائیٹ ویڈنگ‘ کی صورت میں اپنے ایک پرانے خواب کو پورا کریں گی۔ ہمارے اس سوال کے جواب میں کہ کیا آپ اپنی وائیٹ ویڈنگ میں شادی کے بعد رہائش پذیر پرانی کولیگ ریما کو بھی دعوت دیں گی؟ وینا کا کہنا تھا کہ، ’میرے ریما سے دوستانہ تعلقات نہیں۔ مجھے تو یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ واشنگٹن میں رہتی ہیں۔ دیکھیں گے کہ شادی میں کس کس کو بلا رہے ہیں اور آیا اس میں خاندان کے افراد شریک ہوں گے، دوست احباب ہوں گے یا پھر سیلیبریٹیز کو بھی بلایا جائے گا؟‘

پاکستان یاد آتا ہے؟ اس سوال پر وینا کا کہنا تھا کہ، ’پاکستان بہت یاد آتا ہے اور تین سال سے پاکستان نہیں گئی۔ بہت مرتبہ پاکستان کو یاد کرکے جذباتی ہو جاتی تھی مگر میں انڈیا میں کام میں اتنی مصروف رہی کہ پاکستان جانے کا وقت نہیں مل سکا۔ لیکن چونکہ مجھے پتہ ہے کہ پاکستان اپنا گھر ہے اس لیے یہ تسلی رہتی ہے کہ پاکستان کبھی بھی جا سکتے ہیں۔ اسد نے کہہ دیا ہے کہ جلد ہی پاکستان لے کر جائیں گے اور ہم شادی کا ایک بڑا فنکشن پاکستان میں بھی کریں گے‘۔۔۔
XS
SM
MD
LG