رسائی کے لنکس

طالبات کو برقعہ اوڑھنے پر مجبور نہ کریں: بنگلہ دیش کی حکومت کا انتباہ


بنگلہ دیش کی حکومت نے بدھ کے دِن ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کے حکام کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ طالبات کو برقعہ اوڑھنے یا مذہبی لباس پہننے کے لیے مجبور نہ کریں۔

اِس سرکلر میں، جس پر وزارتِ تعلیم کے سیکریٹری سید عطا الرحمٰن کے دستخط ہیں، یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ لڑکیوں کو کھیل کود یا ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے نہ روکیں۔

سرکلر میں اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ کو یہ ہدایت دی گئی ہےکہ کسی طالبہ کو برقعہ نہ اوڑھنے پر کوئی سزا نہ دی جائے۔

سرکلر میں یہ وارننگ بھی دی گئی ہے کہ جو تعلیمی ادارے حکومت کی اِن ہدایات پر عمل نہیں کریں گے اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

22اگست کو ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں بنگلہ دیش کی حکومت کو یہ ہدایت دی تھی کہ تعلیمی اداروں میں طالبات کو اور دفاتر میں کام کرنے والی خواتین کو برقعہ اوڑھنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

بنگلہ دیش کے اخبارات میں اِس خبر کی اشاعت کے بعدکہ ایک سرکاری کالج کے پرنسپل نے طالبات کے لیے برقعہ اوڑھنا لازمی قرار دے دیا ہے، عدالت نے یہ فیصلہ سنایا تھا۔ ہائی کورٹ کے اِس فیصلے کے تین دِن کے اندراندر حکومت نے یہ سرکلر جاری کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG