رسائی کے لنکس

انٹرنیٹ کا نامور ادارہ ’یاہو‘ 4.8 ارب میں فروخت


پچھلے آٹھ برس کے دوران حصے دار ’یاہو‘ پر مالی کارکردگی بڑھانے کے معاملے پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں۔ سودا تکمیل کو پہنچنے پر ’ویرائزن‘ کو یاہو کی تشہیری ٹیکنالوجی اور دیگر اثاثوں، جیسا کہ سرچ ٹولس، میل، اور سیسنجر اپلیکیشنز تک دسترس حاصل ہوگی

صف اول کے مواصلاتی ادارے، ’ویرائزن کمونیکیشنز‘ نے 4.8 ارب ڈالر کی مالیت پر انٹرنیٹ کے رہبر ادارے، ’یاہو‘ خریدنے کے سودے پر رضامندی کا اعلان کیا ہے۔

پچھلے آٹھ برس کے دوران حصے دار ’یاہو‘ پر مالی کارکردگی بڑھانے کے معاملے پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں۔

سودا طے ہونے پر ’یاہو‘ کی انتطامی سربرا، مریسا مائر کی چار برس کی سربراہی اختتام کو پہنچے گی، جو گوگل کی سابق منتظمہ رہی ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں کہ ’یاہو‘ کا سودا ہونے کے بعد، اُن کا کردار کیا ہوگا۔

ایک اِی میل کے ذریعے اُنھوں نے یاہو کے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے آپ سے محبت ہے، اور مجھے آپ سب پر پورا اعتماد ہے۔ میرے لیے یہ اہم ہے کہ میں یاہو کا اگلا دور دیکھ سکوں‘‘۔

ضابطہ کاروں کو پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق، ادارے سے تعلق ختم ہونے پر مائر کو پانچ کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا معاوضہ ملے گا۔

تحقیقی ادارے، ’اِی مارکیٹر‘ کے مطابق، حالانکہ اب اشتہار دہندگان کی ڈجیٹل مارکیٹ 160 ارب ڈالر ہے، یاہو نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انٹرنیٹ کے اس بڑے ادارے کی خدمات سے پر ماہ استفادہ کرنے والوں کی تعداد ایک ارب ہے۔

یاہو خریدنے کے بعد ویرائزن کی کوشش ہوگی کہ امریکہ کا آن لائن انٹرنیٹ (اے او ایل) کا کاروبار مستحکم ہو، جسے اُس نے پچھلے برس 4.4 ارب ڈالر سے خریدا تھا۔

سودا تکمیل کو پہنچنے پر ’ویرائزن‘ کو یاہو کی تشہیری ٹیکنالوجی اور دیگر اثاثوں، جیسا کہ سرچ ٹولس، میل، اور سیسنجر اپلیکیشنز تک دسترس حاصل ہوگی۔

سودے میں یاہو کی نقدی، چین کی اِی کامرس کمپنی، علی بابا میں حصص، یاہو جاپان یا ’پیٹنٹس‘ کی مارکیٹ شامل نہیں۔

پیر کو جب مالیاتی منڈیوں میں کاروبار شروع ہوا تو بتایا گیا کہ یاہو کی مجموعی قدر 37 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG