رسائی کے لنکس

نائب صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثہ کی تیاری


انڈیانا کے گورنر ریپبلکن نائب صدارتی امیدوار مائیک پینس گو کہ انتخابی مہم میں حصہ لیتے آئے ہیں لیکن انھیں اکثر ٹرمپ کے بیانات سے متعلق وضاحتیں دینا پڑی ہیں۔

ڈیمو کریٹ نائب صدارتی امیدوار ٹم کین اور ان کے ریپبلکن حریف مائیک پینس 2016ء کے نائب صدارتی امیدواروں کے واحد مباحثے میں منگل کو آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ مباحثہ ورجینیا کے علاقے فارم ویل میں منعقد ہو رہا ہے۔

اس سے قبل دونوں بڑی جماعتوں کے صدارتی امیدواروں ڈیموکریٹ ہلری کلنٹن اور ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گزشتہ ماہ پہلا مباحثہ ہوا تھا۔

اس مباحثے کے تناظر میں سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں میں جہاں کلنٹن کو کچھ مزید برتری حاصل ہوئی وہیں ٹرمپ کے رویے پر کئی سوالات بھی اٹھائے گئے، خاص طور پر سابق مس یونیورس الیسیا مچادو سے متعلق ٹرمپ کی طرف سے کی گئی متعدد ٹوئٹس کا تذکرہ سامنے آیا جس میں انھوں نے الیسیا کو وزن بڑھ جانے کی وجہ سے "نازیبا الفاظ" سے مخاطب کیا اور تنقید کا نشانہ بنایا اور سابقہ حسینہ کے جواب پر ان کی طرف سے مزید سخت سست سنائی گئیں۔

کلنٹن اور ٹرمپ کے مباحثے کو ایک اندازے کے مطابق آٹھ کروڑ لوگوں نے ٹی وی پر براہ راست دیکھا تھا۔

اگر نائب صدور کے مباحثوں کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو بظاہر کین اور پینس کے مباحثے کے ناظرین کی تعداد کم ہی ہو سکتی ہے۔

2008ء میں ڈیموکریٹ جو بائیڈن اور ریپبلکن سارہ پیلن کے مابین نائب صدارتی امیدواروں کے مباحثے کو سات کروڑ لوگوں نے دیکھا تھا جو کہ امریکی تاریخ میں اس نوعیت کے مباحثے کے ناظرین کی سب سے زیادہ تعداد تصور کی جاتی ہے۔

انڈیانا کے گورنر ریپبلکن نائب صدارتی امیدوار مائیک پینس گو کہ انتخابی مہم میں حصہ لیتے آئے ہیں لیکن انھیں اکثر ٹرمپ کے بیانات سے متعلق وضاحتیں دینا پڑی ہیں۔

ورجینیا سے سینیٹر ڈیموکریٹ ٹم کین ان ریاستوں میں مہم چلاتے رہے ہیں جہاں ڈیموکریٹس کی فتح کے امکانات زیادہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG