رسائی کے لنکس

عمران ہاشمی اور ودیا بالن کی نئی فلم ’گھن چکر‘

  • کراچی

فلم کا ابتدائی حصہ کامیڈی سے پھرپور ہے۔ لیکن، کہانی جیسے جیسے آگے بڑھتی ہے اس میں سسپنس اور خون خرابے کا اضافہ ہوتا چلاجاتا ہے

ودیابالن کے شوہر سدھارتھ رائے کپور کی ملکیت ’یو ٹی وی موشن پکچرز‘ کی رواں ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’گھن چکر‘ کہانی ہے ایک بینک ڈکیتی اور اس کے بعد اسی کے پس منظر میں مسلسل ہونے والے واقعات کی۔ایسے میں فلم کی کاسٹ میں ودیا بالن کا ہونا لازمی امر ہے۔

مگر ’گھن چکر‘ ودیا بالن کے بجائے اس کے ایک کردار سنجے کے گرد گھومتا ہا۔یہ کردار عمران ہاشمی نے ادا کیا ہے۔

ممبئی کی ٹکسالی زبان میں کہیں تو سنجے ’انڈرورلڈ‘ سے تعلق رکھتا ہے مگر روز روز کے ’لفڑوں‘ سے تنگ آچکا ہے اور چاہتا ہے کہ ایک ’بڑا ہاتھ مارے‘ اورسکون کی زندگی گزارے۔ وہ بڑاہاتھ مارکر خاموشی سے جرم کی بھول بھلیوں سے باہر نکل جانا چاہتا ہے جس کے لئے وہ ایک پلان ترتیب دیتا ہے۔

پلان کے تحت وہ اپنے 2 دوستوں کے ساتھ مل کر بینک ڈکیتی کرتا ہے اور کروڑوں روپے لوٹ لیتا ہے۔ ان دوستوں کے درمیان طے ہوا تھا کہ لوٹی ہوئی رقم فوری طور پر کہیں چھپادی جائے گی اور کچھ ماہ بعد جب پولیس وغیرہ کا معاملہ ٹھنڈا ہوجائے گا تو وہ لوگ آپس میں برابر برابر پیسہ تقسیم کرلیں گے۔

رقم چھپانے کی ذمے داری بھی سنجے کو ہی ملتی ہے اور وہ بخوبی اس رقم کو چھپا بھی دیتا ہے لیکن اس سے پہلے کہ لوٹی ہوئی رقم تقسیم ہوتی ایک حادثے میں وہ اپنی یاداشت کھودیتا ہے۔

یہیں کہانی ایک نیا ٹوئسٹ لیتی ہے کیوں کہ بینک لوٹنے میں مدد کرنے والے دوست اس بات پر اعتبار نہیں کرتے کہ سنجے واقعی اپنی یادداشت کھو بیٹھا ہے یا یہ اس کی کوئی گہری چال ہے۔

فلم کا ابتدائی حصہ کامیڈی سے پھرپور ہے لیکن کہانی جیسے جیسے آگے بڑھتی ہے اس میں سسپنس اور خون خرابے کا اضافہ ہوتا چلاجاتا ہے۔ فلم کے کچھ سین خاصی طوالت رکھتے ہیں جس سے بوریت کا احساس ہوتا ہے جبکہ کچھ مناظر پر فلم بین مشکل ہی سے یقین کریں۔

وی او اے سے تبادلہ خیال میں کچھ پاکستانی فلم بینوں کی رائے ہے کہ عمران ہاشمی نے اچھی اداکاری کی ہے لیکن شاید وہ فلم بینوں کو اپنی نشستوں پر جم کر بیٹھنے پر مجبور نہیں کرسکے۔ ودیا کوشش کے باوجود اپنی اداکاری کا کوئی دیرپا تاثر نہیں چھوڑ سکیں۔ ان کا رول کامیڈی لئے ہوئے ہے لیکن وہ اس میں زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں۔

امیت تری ویدی کی موسیقی سے سجے دو گانے ’لیزی لیڈ‘ اور ایک ٹائیٹل سانگ اچھے ہیں جبکہ باقی میوزک اوسط درجے کا ہے۔
XS
SM
MD
LG