رسائی کے لنکس

ویتنامی نژاد فرانسیسی شہری کو تین برس قید کی سزا


ویتنامی نژاد فرانسیسی شہری کو تین برس قید کی سزا
ویتنامی نژاد فرانسیسی شہری کو تین برس قید کی سزا

ویتنام کی ایک عدالت نے ایک ویتنامی نژاد فرانسیسی شہری فام من ہونگ کو تخریب کاری کے الزام میں تین برس قید کی سزا سنائی ہے۔

(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

عدالت نے بدھ کو سماعت کے بعد فام من ہونگ کو یہ سزا سنائی۔ ملزم پر "عوامی انتظامیہ کا تختہ الٹنے کی کوششیں" کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق 'وایت ٹان' نامی جمہوریت پسند تنظیم سے ہے جسے ویتنام نے کالعدم قرار دے رکھا ہے۔ ملزم پر انٹرنیٹ پہ حکومت مخالف کئی مضامین شائع کرنے کا بھی الزام ہے۔

ہونگ کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے شوہر کو اس لیے گرفتار کیا گیا تھا کیوں کہ وہ 'وسطی ہائی لینڈز' کے علاقے میں واقع باکسائٹ کی ایک کان پر جاری کام کی مخالفت کر رہے تھے جو چینی کمپنی کے زیرانتظام چلائی جا رہی ہے۔

ماحولیاتی کارکنان کا کہنا ہے کہ مذکورہ کان علاقہ میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہی ہے۔

ہونگ پیشہ کے لحاظ سے ارضیات کے پروفیسر ہیں جو کئی برس فرانس میں گزارنے کے سبب فرانسیسی شہریت رکھتے ہیں۔

ہونگ مقدمہ چلائے جانے کے انتظار میں پہلے ہی ایک برس قید میں گزار چکے ہیں جو عدالت سے انہیں سنائی گئی سزا کی مدت سے منہا ہوجائے گی۔ تاہم قید کی سزا کے اختتام پر انہیں مزید تین برس اپنی رہائش گاہ پر نظر بندی میں گزارنے ہونگے۔

XS
SM
MD
LG