رسائی کے لنکس

ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح جھڑپ، دو پولیس اہلکار ہلاک


ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح جھڑپ، دو پولیس اہلکار ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح جھڑپ، دو پولیس اہلکار ہلاک

پاکستان کے شمال مغربی حصوں میں بدھ کی صبح سکیورٹی فورسز اور طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان دو مختلف جھڑپوں میں کم ازکم 26 جنگجو اور دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس بہاول خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نواحی علاقے درابن کلاں میں عسکریت پسندوں نے طلوع آفتاب سے کچھ دیر قبل پولیس اسٹیشن پر اچانک حملہ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک اور چار کو زخمی کردیا۔ زخمیوں میں تھانے کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔

اُنھوں نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا ’’پہلے اُنھوں (حملہ آوروں) نے دو راکٹ فائر کیے اور اس کے بعد دیسی ساختہ بموں سے تھانے کے مرکزی گیٹ کو تباہ کر کے عمارت کے احاطے میں داخل ہو گئے۔ کیوں کہ کمروں میں لوگ (اہلکار) سوئے تھے تو حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ جس کمرے میں اسلحہ رکھا ہوتا ہے وہاں کا تالا توڑنے کے بعد کچھ رائفلز بھی وہاں سے لے گئے۔‘‘

حملہ آوروں کی تعداد دو درجن سے زائد بتائی گئی ہے جوخود کار ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس تھے۔

دریں اثناء پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں کرم ایجنسی اور اپر اورکزئی میں شرپسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز نے کم از کم 26 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 20 کو زخمی کردیا۔

لڑائی میں چھ اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ تاہم جانی نقصانات کی تفصیلات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

XS
SM
MD
LG