رسائی کے لنکس

فوکس ویگن پر 18 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد


فوکس ویگن نے منگل کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اس انحراف کو سنجیدگی سے ختم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے اخراج حرارت کے امریکی معیار میں دھوکہ دہی ممکن ہوئی

کاروں کی جرمن کمپنی، فوکس ویگن نے کہا ہے کہ اخراج حرارت کی جانچ کے امریکی نظام کو دھوکہ دینے کے لئے دنیا بھر میں کمپنی کی ایک کروڑ دس لاکھ گاڑیوں میں خصوصی سافٹ وئر آلہ نصب کیا گیا تھا۔

کمپنی نے یہ اعلان منگل کو اس سافٹ وئر کو تبدیل کرنے کے لئے 7 ارب 30 کروڑ ڈالر مختص کرتے ہوئے کیا، تاکہ کمپنی برانڈ پر صارفین کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔

فوکس ویگن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اس انحراف کو سنجیدگی سے ختم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے، جس کی وجہ سے اخراج حرارت کے امریکی نظام کو دھوکہ دینا ممکن ہوا۔

قبل ازیں، منگل کو فرانسسی وزیر خزانہ نے بھی یورپ بھر میں فوکس ویگن کی ان گاڑیوں کی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے۔ مائیکل اسپین نے فرانسسی ریڈیو سے بات چیت میں کہا کہ فوکس ویگن کے ساتھ ساتھ فرانسسی کارسازوں کی بھی جانچ کی جائے، حالانکہ فرانسسی کار سازوں پر شک کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

دریں اثنا، جنوبی کوریا نے بھی فوکس ویگن اسکنڈل کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے اس کے نمائندے کو سیئول طلب کرلیا ہے۔

امریکی محکمہٴانصاف نے منگل کو اسکنڈل کی مجرمانہ تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ بقول محکمہٴانصاف ووکس ویگن نے جان بوجھ کر اخراج حرارت کے امریکی جانچ کو دھوکہ دینے کی کوشش کی اور کوئی پانچ لاکھ گاڑیاں صارفین کو فراہم کیں

فوکس ویگن کے چیف ایگزیکٹو مارٹن ونٹر کورن نے واقعہ پر صارفین اور ریگولیٹرز سے معافی طلب کی ہے اور تحقیقات میں ہر قسم کے تعاون کا وعدہ کیا ہے۔

کمپنی کو سافٹ وئر کی ان خرابیوں کو دور کرنے میں آنے والے بھاری اخرجات کے علاوہ 18 ارب ڈالر کے جرمانے کی سزا کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب، اسٹاک ایکسچنج میں اس کے شیئر کی قیمتیں 20 فیصد تک گر گئی ہیں۔

امریکی ماحولیاتی تحفظ کے ادارے، ای پی اے کے مطابق فوکس ویگن نے خفیہ طور پر اپنے کئی مقبول ماڈلز میں ایسا آلہ نصب کیا تھا، جس میں موجود سافٹ وئر صرف اس وقت کام کرتا تھا، جب اخراج حرارت کی لازمی جانچ کی جاتی تھی اور بقیہ اوقات میں یہ کاربن ڈائی اکسائیڈ کے اخراج کو کنڑول نہیں کرتا تھا۔

اس کے نتیجے میں یہ کاریں 40 فیصد زیادہ حرارت خارج کرتی رہیں، کیونکہ جن کاروں میں آلودگی کو قابو میں لانے کا نظام نہ نصب ہو ان کی کارکردگی عموماً بہتر ہوتی ہے اور فیول بھی کم خرچ ہوتا ہے۔۔

فوکس ویگن نے اشتہار جاری کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ان ماڈلز میں ماحولیات کی بہتری کے لئے ضروری تبدیلیاں لا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG