رسائی کے لنکس

پاکستان، آسٹریلیا وارم اپ میچ بے نتیجہ ختم


برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ نے اننگز شروع کی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چیمپئنز ٹرافی وارم اپ میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔ پورے دن صرف 10 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہو سکا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ نے اننگز شروع کی۔

ڈیوڈ وارنر تیز رفتار بیٹنگ کی کوشش میں صرف 11 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 30 رنز تھا۔

کپتان اسٹیون اسمتھ نے فنچ کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی، لیکن، جب گیارہواں اوور جاری تھا تو بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنا پڑا۔

جب میچ ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 10 اعشاریہ 2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے تھے۔ آرون فنچ 36 ور اسمتھ 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

آسٹریلیا کی واحد وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔

چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز یکم جون کو انگلینڈ اور بنگلادیش کے میچ سے ہوگا جبکہ پاکستان 4 جون کو روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گا۔

XS
SM
MD
LG