رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی میزائل حملے میں چار ہلاک


شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی میزائل حملے میں چار ہلاک
شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی میزائل حملے میں چار ہلاک

قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں میرعلی کے قریب ایک گاؤں پر مشتبہ امریکی میزائل حملے میں چارمبینہ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق پیر کی صبح بغیر ہوا باز کے مشتبہ امریکی ڈرون طیارے سے کہائی ثور کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے زیراستعمال مشتبہ مکان پر تین میزائل داغے گئے۔

اس میزائل حملے میں مارے جانے والوں کی شناخت کے بارے میں فوری طور پر مصدقہ معلومات حاصل نہیں ہوئی ہیں۔

ہفتے کے روز بھی میرعلی کے ماچی خیل گاؤں میں مشتبہ ڈرون طیارے سے داغے گئے ایسے ہی میزائلوں میں کم از کم سات عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔

افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر تواتر سے ڈورن طیاروں سے حملے کیے جاتے رہے ہیں تاہم اس علاقے میں پاکستانی فوج نے کوئی باقاعدہ آپریشن شروع نہیں کر رکھا ہے۔

لیکن اس قبائلی علاقے میں موجود فوجی قافلے پر گذشتہ جمعہ کو عسکریت پسندوں نے بویا کے مقام پرحملہ کر کے ایک افسر سمیت سات فوجیوں کو ہلاک اور 16 کو زخمی کردیا تھا۔ فوجی قافلہ میران شاہ سے دتہ خیل جارہا تھا۔

XS
SM
MD
LG