رسائی کے لنکس

’کرسمس ٹری‘ وائٹ ہاؤس پہنچ گیا


یہ دیدہ زیب درخت ایک گھوڑا گاڑی پر رکھا ہوا تھا، جسے ’بلو روم‘ لایا گیا، جہاں کرسمس کی سجاوٹ کو دیکھنے کے لیے وائٹ ہاؤس آنے والے مہمان اِسے خصوصی دلچسپی کے ساتھ اپنی توجہ کا مرکز بنائیں گے

کرسمس وائٹ ہاؤس پہنچ چکا ہے۔

جمعے کو جب ’ڈگلس فَر‘ کا ساڑھے 18 فٹ اونچا سرکاری کرسمس ٹری وائٹ ہاؤس لایا گیا، تو اِس خصوصی تقریب میں امریکہ کی خاتون اول مشیل اوباما کے ہمراہ اُن کی بیٹیاں مالیا اور ساشیا موجود تھیں، اور ساتھ ہی، خاندان کے پالتو کتے، ’سَنی‘ اور ’بو‘۔

یہ کرسمس ٹری کرسٹوفر بوٹک ساتھ لائے، جِن کا تعلق لہٹن، پنسلوانیا سے ہے اور وہ ’کرسٹل اسپرنگ ٹری فارمنگ‘ سے وابستہ ایک کسان ہیں، جِن کے والدین نے اِس فارم کی کاشت کا آغاز کیا تھا۔

یہ دیدہ زیب درخت ایک گھوڑا گاڑی پر رکھا ہوا تھا، جسے ’بلو روم‘ لایا گیا، جہاں کرسمس کی سجاوٹ کو دیکھنے کے لیے وائٹ ہاؤس آنے والے مہمان اِسے خصوصی دلچسپی کے ساتھ اپنی توجہ کا مرکز بنائیں گے۔

’سَنی‘ کی رسی مسز اوباما کے ہاتھوں میں تھی، جب کہ اُن کی بیٹیاں ویگن کے گِرد جاکر کرسمس ٹری کا مشاہدہ کر رہی تھیں۔

کرسمس ٹری کو دیکھ کر، خاتون اول نے کہا: ’اچھا لگ رہا ہے۔ بہت ہی خوب صورت ہے‘۔

اُنھوں نے مالیا سے پوچھا: ’آپ کا کیا خیال ہے؟‘


مالیا: ’بہت ہی پیارا۔ ہم اِسے اپنے پاس رکھیں گے‘۔

وہ ’بو‘ کی رسی تھامے ہوئے تھیں۔

مسز اوباما: ’ہاں۔ یہ کرسمس ٹری ہمارے پاس رہے گا‘۔

اگلے ہفتے، تعطیلات کی آرائش و تزئیں کا مرحلہ آرہا ہے جب درخت کو تراشا جائے گا، اِس پر ’گول گلدستہ‘ اور دیگر رسمی سجاوٹ لگے گی، اور یوں، عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔

گذشتہ برسوں کی طرح، آرائش کے متفرق اقسام کے ذریعے فوجی خاندانوں کے اعزاز کو بھی نظر میں رکھا جائے گا، جو بدھ کے روز سب سے پہلے اِسے دیکھنے آئیں گے۔
XS
SM
MD
LG