رسائی کے لنکس

پُرامن انتخابات پر صدر اوباما کی پاکستانی عوام کو مبارک باد


صدر براک اوباما نے ہفتے کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے کامیابی سے تکمیل پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

صدر براک اوباما نے ہفتے کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے کامیابی سے تکمیل پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی طرف سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں اُنھوں نے کہا کہ سویلین اقتدار کی اِس تاریخی، پُر امن اور شفاف منتقلی کے حوالے سے خیر مقدم میں امریکہ پاکستانیوں کے ساتھ ہے، جو پاکستان کی جمہوری پیش رفت کے سلسلے میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اُن کے بقول، مسابقت کے جذبے پر مبنی انتخابی مہم چلا کر، آزادانہ طور پر اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کرکے، اور شدت پسندوں کے خوف و ہراس کے باوجود باہمت رہ کر، آپ نے جمہوری طرز حکمرانی کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جو کہ آئندہ برسوں کے دوران تمام پاکستانیوں کے لیے امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ باہمی مفادات کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کی ایک ساتھ کام کرنے کی ایک طویل تاریخ ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اُن کی انتظامیہ انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی حکومت کے ساتھ برابری کے ساجھے دار کے طور پر اور پاکستانی عوام کے لیے مزید مستحکم، محفوظ اور خوش حال مستقبل کےحصول کے لیے تعاون جاری رکھنے کی متمنی ہے۔
XS
SM
MD
LG