رسائی کے لنکس

امریکہ: 'وہائٹ ہاؤس' کے ترجمان مستعفی


جے کارنے گزشتہ ساڑھے تین برسوں سے صدر اوباما کے ترجمان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے
جے کارنے گزشتہ ساڑھے تین برسوں سے صدر اوباما کے ترجمان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے

صدر اوباما نے کہا کہ ان کے پرنسپل ڈپٹی پریس سیکریٹری جوش ارنسٹ 'وہائٹ ہاؤس' کے نئے ترجمان ہوں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما کے ترجمان جے کارنے اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

جمعے کو 'وہائٹ ہاؤس' میں ہونے والی معمول کی ایک پریس بریفنگ کے دوران صدر اوباما نے 'پریس روم' میں آکر خود جے کارنے کے مستعفی ہونے کی خبر صحافیوں کو بتائی۔

صدر اوباما نے کہا کہ ان کے پرنسپل ڈپٹی پریس سیکریٹری جوش ارنسٹ 'وہائٹ ہاؤس' کے نئے ترجمان ہوں گے۔

صدر اوباما نے جے کارنے کو "مضبوط قوتِ فیصلہ اور بے تحاشا برداشت کا حامل" ساتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے جے کارنے نے اپنے مستقبل کے ارادوں اور عزائم کے متعلق کچھ بتانے سے گریز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ 'وہائٹ ہاؤس' کے پریس سیکریٹری کی ذمہ داری سے فارغ ہونے کے بعد کیا کریں گے۔

جے کارنے ماضی میں صحافی رہے ہیں اور معروف جریدے 'ٹائم' کے نمائندہ برائے 'وہائٹ ہاؤس' کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں صدر اوباما نے 2011ء میں رابرٹ گبس کی جگہ اپنا ترجمان مقرر کیا تھا۔

ترجمان کی حیثیت سے 'وہائٹ ہاؤس' میں گزرنے والے اپنے ساڑھے تین برسوں کو "ایک یادگار تجربہ" قرار دیتے ہوئے جے کارنے کا کہناتھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے اپنے ذمہ داریوں سے مکمل انصاف کیا ہے۔

برطانوی اخبار 'دی گارڈین' کے مطابق واشنگٹن کے سرکاری حلقوں میں یہ افواہ گرم رہی ہے کہ جے کارنے کو روس میں امریکہ کا نیا سفیر مقرر کیا جاسکتا ہے۔

تاہم جمعے کو پریس بریفنگ کے دوران جے کارنے نے اس افواہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کے لیے کئی منصوبوں پر غور کر رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG