رسائی کے لنکس

ایبولا: متاثرہ مغربی افریقی ملکوں پر خصوصی توجہ دی جائے


امریکہ میں معائنہ کاری کا خصوصی پروگرام پیر کے دِن سے ملک کی چھ ریاستوں میں شروع ہوجائے گا، جن کے نام ہیں: جورجیا، میری لینڈ، نیو جرسی، نیو یارک، پنسلوانیہ اور ورجینیا، جہاں پر سیاحوں کی زیادہ تر تعداد کی آمد ہوتی ہے

عالمی ادارہٴ صحت نے کہا ہے کہ ایبولا سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں ضروری توجہ مغربی افریقہ کے ملکوں پر مرتکز کی جائے، جہاں مرض کے پھیلنے کے نتیجے میں تقریبا ً 4900 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایبولا پر قائم عالمی ادارہٴ صحت کی ہنگامی کمیٹی نے جنیوا میں اجلاس منعقد کیا، جس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مرض کو عالمی سطح پر پھیلنے سے روکنے کا انتہائی مؤثر و کارگر انداز یہ ہوگا کہ گِنی، لائبیریا اور سیئرا لیون میں وبا کو کنٹرول کیا جائے۔

کمیٹی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیمار کی نگہداشت کرنے والے کارکنوں پر خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صحت سے متعلق کارکنوں کی حوصلہ افزائی ہو، اور اُنھیں خدمات انجام دینے کی ترغیب ملے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ ملکوں میں بیماری میں متبلہ لوگوں کی اسکریننگ اشد ضروری ہے؛ اور اس بات کی سفارش کی ہے کہ یہ اسکریننگز ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور اُن تمام مقامات پر کی جانی چاہیئےجہاں سے سرحد پار کی جا سکتی ہو۔

برسلز میں، یورپی یونین نے تین کروڑ 10 لاکھ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا، تاکہ ایبولا سے نمٹنے کے لیےطبی تحقیق کی جا سکے۔

اب تک، اببولا کے شکار یا مشتبہ مریضوں کی تعداد کم ازکم 9900 بتائی جاتی ہے، جن میں سے زیادہ تر تعداد کا تعلق گِنی، لائبیریا اور سیئرا لیون سے ہے۔

امریکی حکومت کے صحت سے متعلق اہل کاروں نے اِن ممالک سے سفر کرنے والوں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ 21 دِنوں تک اپنی صحت کا معائنہ کراتے رہیں، اور صحت کے مقامی محکموں کو اپنے ٹمپریچر کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کرتے رہیں، تاکہ ایبولا کی علامات کا پتا لگتا رہے۔

معائنہ کاری کا یہ پروگرام پیر کے دِن سے ملک کی چھ ریاستوں میں شروع ہوجائے گا، جن کے نام ہیں: جورجیا، میری لینڈ، نیو جرسی، نیو یارک، پنسلوانیہ اور ورجینیا، جہاں پر سیاحوں کی زیادہ تر تعداد کی آمد ہوتی ہے۔ ہوائی اڈے پر آمد کے موقع پر، مسافروں کو ’ایبولا کِٹ‘ دی جائے گی، جس میں ایک تھرمومیٹر شامل ہوگا۔

بدھ کے روز صدر براک اوباما نے ایبولا پر خصوصی مشیر، رون کلائین سے پہلی باضابطہ ملاقات کی۔ کلائین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایبولا کے حوالے سے متعدد امریکی سرکاری اداروں اور امدادی گروپوں کے درمیان رابطے کا کام کریں۔

XS
SM
MD
LG