رسائی کے لنکس

مردوں کے کیرئیر میں 27 سال کی عمر کیوں اہم ہے؟


محققین نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ ستائیس سال کی عمر سے پہلے کیرئیر کی کامیابی بڑھاپے میں زندگی میں اطمینان اور خوشی کا باعث بنتی ہے۔

اگر آپ نے بڑھاپے میں بد مزاج نا ہونے کا تہیہ کر رکھا ہے، تو ہو سکتا ہے کہ شاید اب بہت دیر ہو گئی ہے، کیونکہ ایک نئی تحقیق تجویز کرتی ہے کہ مرد کی زندگی میں 27 سال کی عمر تک کیرئیر کے مقاصد پورے کر لینے کا نام حقیقی خوشی ہے۔

ایک اسکاٹش مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ اگر آپ ستائیس سال کی عمر تک اپنے کیرئیر میں پیش رفت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، تو اس کی بڑھاپے میں آپ کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔

محققین نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ ستائیس سال کی عمر سے پہلے کیرئیر کی کامیابی بڑھاپے میں زندگی میں اطمینان اور خوشی کا باعث بنتی ہے۔

تاہم یہ نتائج عورتوں کے معاملے میں درست ثابت نہیں ہوئے، جنھیں زندگی میں کیرئیر کی کامیابی سے کہیں زیادہ اعلیٰ تعلیمی ڈگری اور سماجی رتبہ بڑھاپے کی زندگی میں زیادہ خوش اور مطمئن بناتا ہے۔

سروے میں شامل شرکاء میں سےخاص طور پر ان مردوں نے بڑھاپے میں تشنگی اور کم اطمینان محسوس کیا تھا، جو ستائیس سال سے پہلے تک اپنے کیرئیر میں جدوجہد کر رہے تھے۔

ایڈنبرا یونیورسٹی کی طرف سے منعقد کی جانے والی تحقیق میں ماہرین نے 1936ء کے اعدادوشمار کا استعمال کرتے ہوئے ایک 'پراجیکٹ 6ڈے سیمپل' کا تجزیہ کیا ہے، جس میں 1936ء میں ایک چھ روزہ مدت کے درمیان پیدا ہونے والے لگ بھگ ایک ہزار سے زائد بچوں کا 11سال اور 27کی عمر میں انٹرویو شامل تھا۔

مجموعی طور 52 برس کے مطالعاتی جائزے سے انکشاف ہوا کہ، جن مردوں نے 1943ء میں ستائیس برس کی عمر سے پہلے تک کیرئیر بنانے میں جدوجہد کی تھی، انھوں نے 77 سال کی عمر میں اپنی زندگی میں معنی اور تکمیل کے فقدان کی رپورٹ کی۔

اس کے برعکس 77 سالہ عورتیں جو مشاہدے کا حصہ تھیں بتایا کہ زندگی میں مزید تعلیم کے مواقع ملنے اور نمایاں سماجی رتبہ حاصل کرنے سے انھیں بڑھاپے میں زیادہ اطمینان اور خوشی حاصل ہوئی ۔

حتیٰ کہ شرکاء عورتیں جو ملازمت پیشہ تھیں انھوں نے بھی اپنے کیرئیر میں مزید ترقی پانے کے بعد بڑھاپے میں زندگی کو زیادہ بامعنی اور مکمل پایا۔

تحقیق کی سربراہ محقق کیرولن بریٹ نے کہا کہ ''یہ مرد اور عورت ابتدائی 1950ء کے زمانے میں لیبر مارکیٹ میں داخل ہوئے تھے جب مواقع آج کے نوجوان کو حاصل مواقعوں سے بالکل مختلف تھے''۔

انھوں نے کہا کہ مطالعے میں مرد کے لیے ابتدائی کیرئیر میں عدم استحکام یا سماجی میل جول اور کیرئیر کے مقاصد کو پورا کرنے میں ناکامی کا ان کی مستقبل کی زندگی کے ساتھ منفی تعلق ظاہر ہوا اور اس بات کا انھیں زیادہ احساس بڑھاپے میں جا کر ہوتا ہے۔

دوسری جانب عورتیں جنھیں اس زمانے میں تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع اکثر کم ملے تھے، ان میں اعلیٰ تعلیم اور اعلیٰ سطح کی ملازمت بڑھاپے میں زیادہ اطمینان کے ساتھ منسلک تھی۔

XS
SM
MD
LG