رسائی کے لنکس

پوپ سْرخ رنگ کے جوتے کیوں پہنتا ہے؟


پوپ کون سی انگوٹھی پہنتے ہیں؟ پو پ 'امیرائٹس' کا کیا مطلب ہے؟ 'کانکلیو ' کیا ہے؟ پوپ بینیڈکٹ کی تنخواہ کتنی ہے؟ پوپ سُرخ رنگ کے جوتے کیوں پہنتے ہیں؟

گزشتہ ماہ پوپ بینیڈکٹ کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سے ایک نئے پوپ کی تلاش کا کام جاری ہے۔ ساتھ ہی پوپ سے متعلق کئی سوالات نے بھی جنم لیا ہے۔ لوگ ذہن میں آنے والے سوالات کے جواب آن لائن تلاش کرنے کے لیے کوشاں ہیں، جن میں سر فہرست تو یہی سوال ہے کہ نئے پوپ کا انتخاب کس طرح ہوتا ہے؟

تلاش کے اِس سلسلے میں سرچ انجن 'یاہو' کے ڈائلن اسٹیبل فورڈ نے جو باتیں نوٹ کی ہیں، وہ کچھ اِس طرح کی ہیں کہ پوپ کون سی انگوٹھی پہنتے ہیں؟ پو پ 'امیرائٹس' کا کیا مطلب ہے؟ 'کانکلیو ' کیا ہے؟ پوپ بینیڈکٹ کی تنخواہ کتنی ہے؟ سب سے بڑھ کر، پوپ سُرخ رنگ کے جوتے کیوں پہنتے ہیں؟

تو آئیے ذرا ان سوالات کے جواب جانتے ہیں۔

پوپ کو پوپ کیوں کہا جاتا ہے؟


لاطینی زبان میں پوپ کا مطلب 'پاپا' یعنی 'ابا' ہے۔ اُنھیں روم کا 'بشپ ' خیال کیا جاتا ہے، جو دراصل دنیا بھر کی کیتھولک چرچ کا رہنما اور سینٹ پیٹر اپوسٹل (عیسائیوں کے کامیاب ترین مبلغ اور روایات کے مطابق حضرت عیسیٰ کے بارہ حواریوں میں سے ایک) کا جانشین ہوتا ہے۔

نامزدگی پرپوپ کو نیا نام کیوں دیا جاتا ہے؟

باقی باتوں کی طرح پوپ کو نئے نام سے پکارنا بھی ایک روایت ہے۔ چرچ کے ابتدائی ادوار میں، اپنے انتخاب کے بعد روم کے بشپس اپنے لیے خود ہی نیا نام تجویز کیا کرتے تھے۔ مرکیوریئس وہ پہلے بشپ تھے جنھوں نے انتخاب کے بعد اپنا نام تبدیل کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ درست نہیں ایک پوپ کا نام روم کے کسی خدا کے نام پر ہو۔

لہٰذا، مرکیوریئس 'پوپ جان دوم' بن گئے۔ پھر ہوا یوں کہ کچھ 'پونٹفس' نے بھی اپنے نام تبدیل کرلیے، جب کہ دوسروں نے ایسا نہیں کیا۔ مذہبی حقائق کے بارے میں ایک ویب سائٹ کے مطابق وہ آخری پوپ جنھوں نے اپنا اصل نام جاری رکھا وہ تھے پوپ مارسیلس دوم جو 1555ء میں پوپ تھے۔ اُس کے بعد منتخب ہونے کے بعد ہر پوپ نے پاپائیت ملنے پر اپنا نام تبدیل کیا۔


اسی روایت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے 2005ء میں پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے بھی اپنے انتخاب کے بعد اپنا نام تبدیل کیا۔ اُن سے قبل پوپ بینیڈکٹ پندرہویں نے نسبتاً کم وقت تک پوپ کے فرائض انجام دیے، یعنی ساڑھے سات برس۔

جب بینیڈکٹ پوپ نہیں رہے تو اُنھیں پوپ کیوں کہا جارہا ہے؟

چھ سو برس میں وہ پہلے پوپ ہیں جنھوں نے استعفیٰ دیا۔ ویٹیکن کے ترجمان فریڈریکو لومبارڈی نے گزشتہ ہفتے بتایا کہ اب ریٹائرمنٹ کے بعد پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کو صرف بینیڈکٹ شانزدہم کہا جائے گا۔ یا پھر وہ 'پوپ امیریٹس'، امیریٹس پوپ، رومن پونٹف امیریٹس یا 'ہز ہولینیس' کہلائیں گے۔ پچاسی برس کے بینیڈکٹ اپنا پاپائیت والا نام برقرار رکھیں گے، نہ کہ اپنا اصل نام، یعنی جوزف الوشئیس ریٹزنگر۔

پوپ کو 'کانکلیو' کیوں منتخب کرتا ہے؟

پاپائیت کا 'کانکلیو' اس کام کے لیے اس لیے آگے بڑھتا ہے تاکہ آئندہ کے پوپ کے انتخاب جلد از جلد ہو۔ 'این بی سی' نیوز کے مطابق پہلا 'کانکلیو' پوپ گریگری نے تیرہویں صدی عیسوی میں تشکیل دیا تھا جس سے قبل پوپ کے انتخاب میں تین سال کا عرصہ لگ گیا تھا۔

ایک کانکلیو میں 115 کارڈنلز ہوتے ہیں، اور پوپ کے انتخاب سے قبل فیصلے تک پہنچنے کے سلسلے میں آپس میں گفتگو اور لے دے ہوتی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ پوپ بینیڈکٹ کے استعفیٰ کے بعد پیر کے روز کالج آف کارڈنلز کا پہلا اجلاس ہوا۔ اب چرچ کانکلیو کی تاریخ طے کرے گا جس کا اجلاس 20مارچ سے پہلے ہونے کی توقع ہے۔

انتخاب کے وقت سبکدوش ہونے والا پوپ کہاں چلا جاتا ہے؟

جس وقت پاپائیت کا کانکلیو اپنا اجلاس کرے گا، بینیڈکٹ 'اپوسٹل پیلیس' میں رہیں گے جو روم کے جنوب مغرب میں البانو جھیل کے مقام پر واقع ہے۔

پوپ سُرخ رنگ کے جوتے کیوں پہنتا ہے؟

سُرخ رنگ کے جوتے زیب تن کرنے کی روایت 1566ء میں پڑی۔ 'این پی آر' کے مطابق ڈومینکن سے تعلق رکھنے والے سفید فام سینٹ پوپ پائس ہفتم نے سُرخ رنگ کی 'واسکٹ' کو بدل کر سفید کردیا، جب کہ پوپ کی ٹوپی، لمبے لبادے کے علیحدہ ہوجانے والے حصے اور جوتوں کا رنگ سُرخ ہی رہنے دیا جو تب سے ایسے ہی چلے آرہے ہیں۔

پوپ کی کیا تنخواہ ہے؟

تیکنیکی طور پر کچھ بھی نہیں۔ ویٹیکن کے ترجمان نے 2001ء میں ' نیو یارک ٹائمز'ٗکو بتایاتھا کہ پوپ کو ئی تنخواہ نہیں لیتا۔ کیوں کہ اُنھیں اس کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔ دراصل ویٹیکن اُن پر اٹھنے والے اخراجات خود برداشت کرتا ہے۔ اور دنیا بھر میں پھیلے کیتھولک چرچ کے ایک ارب 20 کروڑ پیروکار 'ہِز ہولینیس' کے لیے عطیہ کے طور پر رقوم فراہم کرتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG