رسائی کے لنکس

مالی بحران: 'وکی لیکس' نے خفیہ دستاویزات کی اشاعت روک دی


مالی بحران: 'وکی لیکس' نے خفیہ دستاویزات کی اشاعت روک دی
مالی بحران: 'وکی لیکس' نے خفیہ دستاویزات کی اشاعت روک دی

'وکی لیکس' کے بانی اور سربراہ جولین اسانژ نے ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے باعث خفیہ دستاویزات کی اشاعت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو لندن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسانژ نے کہا کہ ان کا ادارہ خفیہ سرکاری دستاویزات کی اشاعت معطل کرکے اپنی تمام تر توجہ مالی معاونت کے حصول پر مرکوز کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں 'وکی لیکس' کا وجود برقرار رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ 'ویزا'، 'پے پال' اور 'ماسٹر کارڈ' جیسی امریکی کمپنیوں کی جانب سے مالی خدمات فراہم کرنے سے انکار کے بعد 'وکی لیکس' فنڈز کی شدید کمی کا شکار ہے جس کے باعث انہیں دیگر ذرائع سے مالی وسائل اکٹھا کرنے کی جانب متوجہ ہونا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ 'وکی لیکس' کی جانب سے امریکہ کی خفیہ سفارتی اور فوجی کاروائیوں سے متعلق لاکھوں دستاویزات کے انٹرنیٹ پر اجرا کے بعد ان کمپنیوں نے 'وکی لیکس' کو فنڈز کی منتقلی روک دی تھی۔

'وکی لیکس' کی جانب سے ابتدا میں جاری کردہ دستاویزات عراق اور افغانستان کی جنگوں سے متعلق تھیں۔ بعد ازاں ویب سائٹ نے دنیا بھر میں پھیلے امریکی سفارت خانوں سے واشنگٹن کے محکمہ خارجہ کو بھجوائے جانے والے وہ لاکھوں خفیہ کیبلز بھی عوام کے سامنے پیش کردیے تھے جن میں حساس معلومات سمیت کئی عالمی رہنماؤں کے متعلق نازیبا تبصرے درج تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں اسانژ کا کہنا تھا کہ 'وکی لیکس' مالی خدمات کی فراہمی سے انکار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہی ہے لیکن ان کے بقول اگر یہ معاشی مقاطعہ برقرار رہا تو 'وکی لیکس' اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے قابل نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ اسانژ ان دنوں ایک برطانوی عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہائی کے بعد لندن میں مقیم ہیں۔ آسٹریلین نژاد اسانژ سوئیڈن کو اپنی ممکنہ حوالگی کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں جہاں وہ جنسی زیادتی کے الزام میں پولیس کو مطلوب ہیں۔

اسانژ خود پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنی سوئیڈن حوالگی کے معاملہ کو مخالفین کا سیاسی حربہ قرار دیتے ہیں۔ وہ اس خدشے کا بھی اظہار کرتے آئے ہیں کہ اگر انہیں سوئیڈن کے حوالے کیا گیا تو ا مکان ہے کہ سوئیڈش حکام انہیں امریکہ کے حوالے کردیں گے جہاں انہیں خفیہ سرکاری دستاویزات کے اجرا پر قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG