رسائی کے لنکس

وکی لیکس کےبانی کا خود نوشت کے لئے معاہدہ


وکی لیکس کےبانی کا خود نوشت کے لئے معاہدہ
وکی لیکس کےبانی کا خود نوشت کے لئے معاہدہ

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں اسانج نے کہا کہ وہ کتاب نہیں لکھنا چاہتے تھے مگر اپنے وکلا کی فیس اور ویب سائٹ کو چلانے کے لئے درکار اخراجات پورے کرنے کے لئے کتاب لکھ رہے ہیں۔

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے اپنی سوانح حیات کے لئے امریکی اور برطانوی پبلیشروں کے ساتھ پندرہ لاکھ ڈالر کا معاہدہ کر لیا ہے۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں اسانج نے کہا کہ وہ کتاب نہیں لکھنا چاہتے تھے مگر اپنے وکلا کی فیس اور ویب سائٹ کو چلانے کے لئے درکار اخراجات پورے کرنے کے لئے کتاب لکھ رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئیندہ مارچ تک وہ کتاب کا مسودہ ناشروں کو فراہم کریں گے۔

اخباری اطلاعات کے مطابق امریکی پبلیشر ایلفرڈ آے نوف اور برطانوی پبلیشر کینن گیٹ سانج کی سوانح حیات کے لئے انہیں تیرہ لاکھ ڈالر ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ کتاب کے اقتباسات کی مختلف جرائد میں اشاعت سے بھی معاوضہ حاصل کریں گے۔

متنازع ویب سائٹ وکی لیکس نے خفیہ دستاویزات شائع کر کے دنیا بھر میں کئی رہنماؤں کو ناراض کیا ہے۔ حال ہی میں خفیہ امریکی سفارتی پیغامات کی اشاعت سے امریکہ خاص طور پر ان سے نالاں ہے۔ آن لائن رقوم کی ادائیگی کے لئے استعمال کی جانے والی کئی کمپنیوں نے وکی لیکس کے ساتھ کام بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے وکی لیکس کو دئیے جانے والے عطیات پر کاری ضرب لگی ہے۔

ویب سائٹ کے بانی آسٹریلوی شہریت رکھنے والے جولین اسانج برطانوی عدالت سے ضمانت پر رہائی کے بعد برطانیہ میں ایک دوست کے ہاں رہائش پذیر ہیں۔ اسانج سویڈن کو ایک مقدمے میں مطلوب ہیں جس کے لئے سویڈن کے حکام نے برطانیہ کو ان کی حوالگی کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔

وکی لیکس کے ایک سابق ترجمان جرمنی کے شہری ڈینیل ڈومسکیخٹ برگ بھی وکی لیکس کے بارے میں کتاب لکھ رہے ہیں۔ ان کی کتاب کراؤن پبلیشنگ گروپ شائع کر رہا ہے۔ڈینیل نے ستمبر میں وکی لیکس کو چھوڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG