رسائی کے لنکس

کیا شہزادی کیٹ کےگھر بیٹی کی ولادت متوقع ہے؟


بک میکرز کی جانب سے نئے شاہی مہمان کی جنس اور نومولود شہزادہ یا شہزادی کے ناموں کی فہرست پر بڑی تعداد میں رقم لگائی جارہی ہے۔

برطانوی شہزادی کیتھرین مڈلٹن کچھ ہی ہفتوں میں دوسری بار ماں بننے والی ہیں اگرچہ شاہی خاندان کی جانب سے شہزادہ ولیم اور کیٹ کے ہونے والے بچے کی جنس کے بارے میں تجسس کو برقرار رکھا گیا ہے۔ لیکن ذرائع ابلاغ کی قیاس آرائیوں پر اگر یقین کیا جائے تو شہزادی کیٹ کے گھر 21 اپریل یا اس کے بعد نئے مہمان کی آمد متوقع لگتی ہے۔

حال ہی میں بتایا گیا کہ شہزادی کیٹ کو ایک متمول بی بی شاپ سے گلابی رنگ میں بچی کے کپٹروں کی خریداری کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

قرین قیاس تو یہ بھی ہےکہ اس بار حاملہ شہزادی صورت شکل اور چال ڈھال سے اپنے پہلے حمل کے مقابلے مختلف نظر آرہی ہیں لہذا ایسے جہاندیدہ اندازا لگانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ شہزادہ جارج جلد ہی اپنی بہن کا استقبال کریں گے۔

تاہم اخبار ڈیلی میل کے باوثوق ذرائع کی جانب سے دلچسپ قیاس آرائی نے جنم لیا ہے جس سے ایسی تمام افواہوں کو مزید تقویت ملی ہے۔ نامہ نگار سبیسٹین شیکسپئیر کے مطابق انھیں آکسفورڈ انٹیرئر ڈیزائنر کمپنی اینی سلون کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے شہزادی کیٹ کی قیام گاہ اینمر ہال کے لیے واضح طور پر نسائی رنگوں کے پینٹ کے نمونے فراہم کئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے نارفوک میں سینڈرنگھم اسٹیٹ میں واقع شاہی محل اینمر ہال فی الحال شاہی جوڑے کی قیام گاہ ہے۔ دس کمروں پر مشتمل اس گھر کے لیے خوبصورت گلابی، ہلکے گلابی اور بھورے رنگ کی آمیزش والے پینٹ کے نمونے فراہم کئے گئے ہیں جو ممکنہ طور پر شہزادی کے لیے تیار کی جانے والی نرسری کی تزئین وآرائش میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیرئیر ڈیزائنر کمپنی کے ترجمان نے شاہی محل کو پینٹ فراہم کرنے کے بارے میں تردید یا تصدیق نہیں کی ہے جبکہ شاہی محل کنزنگٹن کے ترجمان نے اس معاملے میں بیان جاری کرنے سے انکار کیا ہے۔

دوسری جانب بک میکرز کی جانب سے نئے شاہی مہمان کی جنس اور نومولود شہزادہ یا شہزادی کے ناموں کی فہرست پر بڑی تعداد میں رقم لگائی جارہی ہے۔

بک میکرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی اکثریت شہزادی کیٹ کی بیٹی کی توقع رکھتی ہے اسی لیے سب سے بڑی شرطیں لڑکیوں کے ناموں پر لگائی جارہی ہیں۔

گذشتہ دنوں بک میکرز کی فہرست میں ڈچز آف کیمبرج کی بیٹی کے لیے جن ناموں کو فیورٹ خیال کیا گیا ہے ان میں ' ایلس' سب سے زیادہ مقبول ہے جس پر سب سے زیادہ شرطیں لگی ہیں۔

ایلس کے بعد مقبول ناموں میں الزبیتھ، شارلیٹ، وکٹوریہ، الیگزینڈرا اور ڈیانا شامل ہیں نام جن پر بکیز بڑی شرطیں لگا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں نومولود شہزادے کے جن ناموں کو بک میکرز نے فیورٹ قرار دیا ہے ان میں آرتھر سب سے مقبول نام ہے جس کے بعد ہنری، جیمس، الیگزینڈر، فلپ اور البرٹ پسندیدہ نام ہیں جن پر بڑی رقمیں لگائی گئی ہیں۔

شاہی جوڑے کا دوسرا بچہ سلطنت برطانیہ کے تخت پر بیٹھنے والے امیدواروں میں چوتھے نمبر پر آئے گا جس کی پیدائش کے بعد شہزادہ ہیری ولی عہدوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG