رسائی کے لنکس

شادی کی تیاریوں کے ساتھ ہی گھر میں غیر محسوس طریقے سے کچھ عجیب و غریب واقعات بھی ہونے لگتے ہیں۔ لیکن، شادی کے ہنگاموں میں لوگ ان واقعات کو نظر انداز کرجاتے ہیں۔ مگر پھر۔۔۔

فلموں کے سیکوئل کی طرح، اب ڈراموں کے بھی سیکوئلز بننے لگے ہیں۔ ٹی وی سیریل ’وہ: دوبارہ‘ اس کی تازہ مثال ہے۔

سیریل’وہ…دوبارہ‘ ہم ٹی وی کے پہلے ہارر ڈرامہ سیریل ’وہ‘ کا سیکوئل ہے جس کی کہانی زبیر اور ان کی فیملی کے گرد گھومتی ہے۔

زبیر اپنے بھائی عمیر کی شادی کشادہ اور نسبتاً بڑے گھر سے کرنے کی غرض سے اپنی بیوی، بیٹی اور بھائی کے ساتھ نئے گھر میں شفٹ ہوتا ہے۔ کچھ ہی دنوں میں شادی کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں۔

ان تیاریوں کے ساتھ ہی گھر میں غیر محسوس طریقے سے کچھ عجیب و غریب واقعات بھی ہونے لگتے ہیں۔ لیکن، شادی کے ہنگاموں میں لوگ ان واقعات کو نظر انداز کرجاتے ہیں۔

پھر جیسے ہی شادی کے ہنگامے ختم ہوتے ہیں واقعات کا تسلسل بڑھتاچلا جاتا ہے۔ ان واقعات کے سبب ایک جانب گھر والوں میں انجانا خوف بیٹھ جاتا ہے تو دوسری جانب نئی نویلی دلہن ایمان کے زیبر اور اس کی بیوی سے لڑائی جھگڑے شروع ہوجاتے ہیں۔

بڑھتے بڑھتے بات یہاں تک آپہنچتی ہے کہ زبیر کو ایک مرتبہ پھر اپنے اہل خانہ کے لئے نیا گھر تلاش کرنا پڑتا ہے۔ ادھر ایمان پورے گھر پر اپنے راج کا جشن مناتے ہوئے شیطانی قوتوں کا شکار ہوجاتی ہے۔

آخرکار شیطانی قوتیں ایمان کو اپنے قابو میں کرکے وہ کچھ کرانا شروع کردیتی ہیں جو دیکھنے اور سننے والوں کے لئے خوف اور دہشت کی علامت بن جاتا ہے۔ اب ایمان شیطانی قوتوں کے چنگل سے کیسے نکلے گی اور اس کہانی کا کیا کوئی خطرناک انجام ہوگا؟۔۔۔یہ آپ ’ہم‘ ٹی وی سے پیش کی جانے والی آئندہ قسطوں میں دیکھ سکیں گے۔

وائس آف امریکہ کو ادارے کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق سیریل ’وہ: دوبارہ‘ کو سید عاطف علی نے تحریر کیا ہے، جبکہ ہدایات دی ہیں انجلین ملک نے اور اداکاروں مں شامل ہیں یسریٰ رضوی، شہود علوی، ثناعسکری اور سکینہ سموں۔

XS
SM
MD
LG