رسائی کے لنکس

ویمن ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کے میچز اڑیسہ منتقل


پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم گزشتہ سال سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایک وارم-اپ میچ کے دوران (فائل)
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم گزشتہ سال سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایک وارم-اپ میچ کے دوران (فائل)

لائن آف کنٹرول پر فائرںگ کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سیکورٹی خدشات کے پیش نظر یہ میچز ممبئی سے اڑیسہ منتقل کردیے گئے ہیں۔

بھارت میں 31 جنوری سے شروع ہونے والے خواتین کرکٹ کے عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کے میچز ممبئی سے ریاست اڑیسہ میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔

میچز کی منتقلی کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان انتظامی طور پر منقسم وادی کشمیر میں کنٹرول لائن پر حالیہ فائرنگ کے بعد بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے احتجاج کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق ورلڈ کپ کے تمام میچز ممبئی میں کھیلے جانے تھے لیکن اب یہ دو شہروں یعنی ممبئی اور کٹک میں کھیلے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے (ناک آوٹ) کے میچز کے میزبان شہر کے بارے میں تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد جہاں ہاکی لیگ کھیلنے کے لیے بھارت جانے والے نو پاکستانی کھلاڑیوں کو بغیر کھیلے واپس آنا پڑا تھا وہیں پاکستان کی وویمن کرکٹ ٹیم کے میگا ایونٹ میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان کھڑے ہورہے تھے جس کے پیشِ نظر 'انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)' نے پاکستانی میچز منتقل کر نے کا فیصلہ کیا۔

ویمن ورلڈ کپ میں میزبان بھارت کے علاوہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 31 جنوری کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
XS
SM
MD
LG