رسائی کے لنکس

لفظ کہانی: ڈھیر سارے بیجوں والا سیب Pomegranate


لفظ کہانی: ڈھیر سارے بیجوں والا سیب Pomegranate
لفظ کہانی: ڈھیر سارے بیجوں والا سیب Pomegranate

دستی بم کا اس خاندان سے کیا واسطہ ہے؟


آپ شاید سوچیں کہ اردو میں انار تو اتنا چھوٹا اور ملائم سا لفظ ہے۔ پھر انگریزی کا لفظ pomegranate اس قدر لمبا اور مشکل کیوں ہے۔ بات یہ ہے کہ یہ دو الفاظ کا مجموعہ ہے ۔ لاطینی میں پہلاہے pome جس کا مطلب تھا سیب۔ دوسرا لفظ تھا granum ۔ جس کا مطلب تھا بیج۔ آپ نے لفظ grain تو عام سنا ہوگا، یہ اسی کی جدید شکل ہے اور آج کل اناج کے دانوں کے لئے استعمال ہوتا۔

چنانچہ پامو گرینِٹ کا مطلب ہوا ایسا سیب جس میں بہت سے بیج ہوں۔ آپ جانتے ہیں کہ انار میں کھانے کی چیز محض اس کے بیج ہی ہوتے ہیں۔ ویسے سیب کے ساتھ انار کی کوئی اور مشابہت نہیں، صرف یہی کہ یہ دونوں گول پھلوں کے زمرے میں آتے ہیں۔

آتش بازی میں ، جو کہ اکثر خطرناک اور کبھی جان لیوا مشغلہ ثابت ہوتی ہے، دیگر پٹاخوں کے علاوہ انار بھی پائے جاتے ہیں ۔ اس گول پٹاخے کا نام انار غالباً اس کی گولائی کے باعث رکھا گیا ہوگا، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ چلنے پر یہ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تبدیل ہو جاتا ہے جیسے انار کے دانے بکھر گئے ہوں۔

دستی بم کے لئے گرینیڈ یعنی grenade کا لفظ عام استعمال ہوتا ہے۔ غور کیجئیے تو معلوم ہوگا کہ یہ بکھر کر پاش پاش ہوجانے کی صلاحیت کے سبب ایسا کہلاتا ہے۔ جیسا کہ ہم نے دیکھا grain کا مطلب ہے دانہ۔

XS
SM
MD
LG