رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20: بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ہرادیا


گروپ کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی اور اگر وہ بنگلہ دیش سے ہونے والا اپنا اگلا میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو 2007ء کےبعد پہلی بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

'ورلڈ ٹی20' کے گروپ – 2 کے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

اتوار کو میرپور میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔

کرس گیل 34 رنز بنا کر نمایاں ترین بلے باز رہے جب کہ لینڈل سائمنز نے 27 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے راوندرا جدیجا نے تین اور امیت مشرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواباً بھارت نے 130 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔روہت شرما نے 62 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جب کہ ورات کوہلی نے 54 رنز اسکور کیے۔

بنگلہ دیش میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے 'سپر-10' مرحلے میں بھارت کی یہ مسلسل دوسری فتح ہے جس کے بعد وہ گروپ -2 میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

گروپ کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی اور اگر وہ بنگلہ دیش سے ہونے والا اپنا اگلا میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو 2007ء کےبعد پہلی بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

'ورلڈ ٹی20' میں پیر کو 'گروپ-1' کے دو میچز کھیلے جائیں گے جن میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
XS
SM
MD
LG