رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں سال نو کو خوش آمدید کہنے کی تقریبات


یورپ میں سال نو کی تقریبات کے موقع پر سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں غریبوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

دنیا بھر میں لوگوں نے سال 2015ء کو والہانہ انداز میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کر کے خوش آمدید کہا ہے۔

امریکہ میں روایتی انداز میں نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے لاکھوں لوگ جمع ہوئے جہاں میئر بل ڈی بلاسیو اور ان کے اہل خانہ نے نصف شب سے ایک منٹ پہلے بٹن دبا کر شیشے کے ایک بڑے مخصوص گیند کو گرایا۔

نیویارک سٹی میں سال نو کی تقریب کا عنوان تھا "ہمت و جرات کا تحفہ"۔

ٹائمز اسکوائر الائنس کے صدر ٹم ٹومپکنز نے اس موقع پر کہا کہ "اس سال ہماری مہمان خصوصی 'انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی' ہے جس نے دنیا بھر میں بے گھر ہونے والے افراد کی پناہ کے مدد کی اور وہ لوگ بھی جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا۔"

امریکہ کے مختلف شہروں میں بھی وہاں کے مقامی وقت کے مطابق نئے سال کی آمد کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

اس سے پہلے لندن میں بسنے والے دریائے ٹیمز کے کنارے جمع ہوئے جہاں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ یہاں شہرہ آفاق گھڑیال "بگ بینگ" پر شب بارہ بجے کا ڈنکہ بجا۔

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کوپاکابانا ساحل پر راک موسیقی کا ایک بڑا پروگرام منعقد کیا گیا اور یہاں غالباً دس لاکھ لوگ موجود تھے۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے معروف اسکائی ٹاور پر لگے گھڑیال پر شب بارہ بجے تک کے عمل کی یہاں موجود لوگوں نے گنتی کی اور جیسے ہی بارہ بجے تو رنگا رنگ آتشبازی نے آسمان کو بقعہ نور بنا دیا۔

ہانگ کانگ میں بھی کچھ اسی انداز کی تقریب کا اہتمام رہا جب کہ دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ پر جس انداز میں روشنیوں کا اہتمام کیا گیا وہ اپنی نوعیت کا دنیا بھی سب سے بڑا مظاہرہ تھا۔

یورپ میں سال نو کی تقریبات کے موقع پر سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں غریبوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

فرانس کے صدر فرانسواں اولاندے نے سال نو پر مختلف نسلی اور مذہبی گروہوں میں اتحاد باہمی احترام کا پیغام دیا۔

دنیا بھر میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کی ان بڑی تقریبات کے علاوہ اپنی اپنی سطح پر ہر کوئی اس عمل میں شریک رہا اور لوگ ایک دوسرے کو تہنیتی پیغامات بھیجتے اور وصول کرتے رہے۔

XS
SM
MD
LG