رسائی کے لنکس

یمن: القاعدہ کا جنوبی علاقے کے کلیدی ہوائی اڈے پر قبضہ


حکام کے مطابق، مکلہ میں جمعرات کے روز القاعدہ کے جنگجوؤں کو کوئی قابل ذکر مزاحمت نہیں ملی۔ مکلہ بندرگاہ ہے اور یمن کے سب سے بڑے صوبے حضر موت کا دارالحکومت ہے

القاعدہ کے شدت پسندوں نے یمن کے جنوبی شہر، مکلہ میں ایک کلیدی اہمیت کے حامل ہوائی اڈے پر کنٹرول جما لیا ہے، جہاں اِن انتہا پسندوں نے اس ماہ کے اوائل میں ایک بڑے رقبے پر تسلط حاصل کر لیا تھا۔

حکام کے مطابق، مکلہ میں جمعرات کے روز القاعدہ کے جنگجوؤں کو کوئی قابل ذکر مزاحمت نہیں ملی۔ مکلہ بندرگاہ ہے اور یمن کے سب سے بڑے صوبے حضر موت کا دارالحکومت ہے۔

جنوبی یمن میں تیل کا ایک اہم ٹرمینل بھی شدت پسندوں کے تسلط میں جا چکا ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں، القاعدہ کے جنگجوؤں نے مکلہ میں یمنی فوج کے ایک کیمپ پر بھی قبضہ جما لیا تھا۔ اُنھوں نے شہر کے ایک قیدخانے پر بھی دھاوا بول دیا تھا، جس دوران تقریباً 300 قیدیوں کو چھڑا لیا گیا۔

سعودی قیادت والے اتحاد اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری تنازع کے نتیجے میں ملک کے کچھ حصوں میں طاقت کا توازن خلا کی صورت اختیار کر گیا ہے، خاص طور پر جنوبی ساحل کے ساتھ ساتھ کی پٹی میں، جہاں القاعدہ اس کوشش میں رہا ہے کہ وہ اپنا قبضہ مضبوط کرلے۔

ایک اور خبر کے مطابق، یمن میں اقوام متحدہ کے ایلچی اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں، جس سے قبل وہ چار برس تک ملک میں اقتدار کی پرامن منتقلی کی کوشش کرتے رہے، جو اس وقت معطل ہوگئیں جب ملک سیاسی بحران اور پرتشدد تنازع کی بھینٹ چڑھ گیا۔

اقوام متحدہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے ایلچی، جمال بنعمر کے جانشین کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG