رسائی کے لنکس

یمن: حوثی باغیوں کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر قبضہ


یمن کے صدر عبد ربو منصور ہادی نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں بحران "جلد" ختم ہو جائے گا۔

حوثی باغیوں نے یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز میں فوجی بریگیڈ کے ایک ہیڈکوارٹر پر قبضہ کر لیا ہے۔

بدھ کو یہاں اور جنوبی ساحلی شہر عدن میں لڑائی جاری رہی۔

صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز سے اس فوجی اڈے کا قبضہ لینے کے بعد اس علاقے میں ایک فضائی حملے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سعودی عرب نے منگل کو یمن میں اپنا فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قبل ازیں یمن کے صدر عبد ربو منصور ہادی نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں بحران "جلد" ختم ہو جائے گا۔

بدھ کو سعودی عرب سے ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں انھوں نے قیادت میں اتحاد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت یمن کے عوام کی امیدیں بحال کرے گی۔

"میں اس غیر معمولی اتحاد میں شامل اپنےعرب اور مسلمان بھائیوں اور ان کے دوستوں کا یمن کے عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ "اتحاد نے (حکومت کے قانونی جواز) کی حمایت کی اور ان لوگوں کی جو اس ریاست میں رہنما اور اس کی بحالی چاہتے ہیں۔"

سعودی عرب نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ اب یمن میں سیاسی کوششوں بشمول اقوام متحدہ کے تعاون سے امن مذاکرات کی بحالی پر توجہ دے گا۔

شیعہ حوثیوں کے حامی ملک ایران نے بھی اس کے بقول "معصوم اور نہتے شہریوں کے قتل عام" کے خاتمے کو سراہتے ہوئے سعودی آپریشن کے اختتام کو یمن میں سیاسی حل کی طرف سے "ایک قدم" قرار دیا ہے۔

دریں اثناء امریکہ کے صدر براک اوباما نے منگل کو کہا تھا کہ ان کی حکومت نے ایران کو بتایا ہے کہ حوثیوں کے لیے اسلحے کی کوئی بھی ترسیل ایک "مسئلہ" تصور ہو گی۔

ایم ایس این بی سی کے ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ " مجھے امید ہے کہ ہم یمن میں صورتحال کو بہتر کر سکتے ہیں۔"

XS
SM
MD
LG