رسائی کے لنکس

امریکہ: دہشت گردی کے ملزم یمنی باشندوں پر فردِ جرم عائد


فائل
فائل

مقدمے کی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ دونوں یمنی شہری 2008ء میں افغانستان میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے حملوں میں ملوث ہیں۔

امریکی محکمۂ انصاف نے یمن کے دو شہریوں پر 'القاعدہ' کی مدد کرنے اور امریکیوں کو قتل کرنے کی سازش تیار کرنے کے الزامات میں فردِ جرم عائد کردی ہے۔

محکمۂ انصاف کے مطابق دونوں ملزمان - صادق العبادی اور علی علوی – کو سعودی عرب کے حکام نے گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ علی علوی کو اتوار کو بروکلین کی ایک عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا جب کہ عدالت نے صادق العبادی کو منگل کو طلب کیا ہے۔

استغاثہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی جانے والی مقدمے کی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ دونوں یمنی شہری 2008ء میں افغانستان میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے حملوں میں ملوث ہیں۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے حملوں سے قبل مارچ 2008ء میں پاکستان کا سفر کیا تھا جس کا مقصد دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنا اور 'القاعدہ' کے جنگجووں کے ساتھ مل کر لڑائی میں حصہ لینا تھا۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف تحقیقات میں تعاون کرنے والے ایک وعدہ معاف گواہ نے تصدیق کی ہے العبادی اور علوی نے پاکستان میں 'القاعدہ' میں شامل ہونے میں اس کی مدد کی تھی۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ان کا وعدہ معاف گواہ 2007ء میں امریکہ کے خلاف "جہاد" میں حصہ لینے کے لیے پاکستان گیا تھا جہاں اس نے قبائلی علاقے میں ہتھیار چلانے اور دھماکہ خیز موا دتیار کرنے کی تربیت بھی حاصل کی تھی۔

عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف گواہی دینے والا سابق شدت پسند امریکی شہریوں کو قتل کرنے کی سازش تیار کرنے، القاعدہ کی مدد کرنے اور دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کے الزامات تسلیم کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG