رسائی کے لنکس

بلوچستان: 'غیرت کے نام پر' نوجوان لڑکی قتل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق یہ واقعہ منجی شوری کے علاقے گوٹھ شہداد خان مینگل میں جمعرات کی رات کو پیش آیا جب 22 سالہ نصرت کو اس کے چچا زاد بھائی نے مبینہ طور پر گولی مار کرہلاک کر دیا۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں 'غیرت کے نام' پر ایک نوجوان لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ منجی شوری کے علاقے گوٹھ شہداد خان مینگل میں جمعرات کی رات کو پیش آیا جب 22 سالہ نصرت کو اس کے چچا زاد بھائی نے مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک جب کہ عبدالمالک نامی شخص کو زخمی کر دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ نصرت اور عبدالمالک کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے اور وہ ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ 'غیرت کے نام پر قتل' کی واردات ہے

منجی شوری کے پولیس تھانے کے انچارج انسپکٹر غلام مصطفیٰ جنڈیر نے جمعہ کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نصرت کے والد بہادر خان نے پولیس کو دی گئی درخواست میں اپنی بیٹی کے قتل کا الزام اپنے بھتیجے امان اللہ پر عائد کیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

پاکستانی میں 'غیر ت کے نام پر قتل' کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جس میں لڑکیوں اور خواتین کو اپنی پسند کی شادی یا قبائلی رسم و رواج کے برخلاف طرز عمل اختیار کرنے پر قتل کر دیا جاتا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں رونما ہونے والے مختلف واقعات میں ناصرف متعدد خواتین کو قتل کر دیا گیا بلکہ بعض واقعات میں مردوں کو بھی اپنی جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔

XS
SM
MD
LG