رسائی کے لنکس

صدر زرداری کی روس میں افغان اور تاجک ہم منصبوں سے ملاقات


سوچی پہنچنے پر میئر اناتولی صدر زرداری کا استقبال کررہے ہیں
سوچی پہنچنے پر میئر اناتولی صدر زرداری کا استقبال کررہے ہیں

صدر آصف علی زرداری بدھ کے روزچار ملکی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روس کے شہر سوچی پہنچے ہیں جہاں انھوں نے افغانستان اور تاجکستان کے صدورسے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ صدر زرداری نے اپنے افغان ہم منصب حامد کرزئی سے ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق تاجک صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے جب کہ تاجک صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہوئے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امداد کی یقین دہانی کرائی۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر زرداری اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات بھی کریں گے۔اس دورے میں وزیر دفاع احمد مختار بھی صدر کے ساتھ موجود ہیں۔

صدر زرداری سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد بدھ کی شب کو وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ صدر زرداری نے روس کا دو روزہ دورہ کرنا تھا لیکن ان پر رواں ماہ ملک میں سیلاب کی غیر معمولی تباہ کاریوں کے باوجود فرانس اور برطانیہ کا دورہ کرنے کے حوالے سے کی جانے والی تنقید کے بعد روس کے دورے کو صرف چند گھنٹوں تک محدود کر دیا گیا ۔ جب کہ حکمراں جماعت کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس دورے میں پاکستان کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد ملی اور سیلاب زدگان کے لیے امداد اکھٹی کرنے میں بھی پیش رفت ہوئی۔

XS
SM
MD
LG