رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے، صدر زرداری


دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے، صدر زرداری
دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے، صدر زرداری

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے۔ دہشت گرد ہمارے بچوں ، بہنوں اور بھائیوں کو مار رہے ہیں۔ جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ ہوجائے اسے جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو افغان ہم منصب حامد کرزئی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس سے قبل ایوان صدر میں دونوں صدورنے اہم ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مذاکرات میں دونوں ممالک اور ان کی عوام کے بہتر مستقبل اور خطے میں امن وسلامتی کے فروغ کیلئے تمام شعبوں بالخصوص تجارت کے میدان میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان قیادت میں مفاہمتی عمل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے افغان قیادت کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ صدرنے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے بغیر خطے میں امن کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

افغان صدر حامد کرزئی نے پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا دورہ اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ماضی قریب میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے عملی نفاذ میں معاون ہوگا۔

صدر کرزئی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مسلسل رابطے سے دوستی کا بندھن مضبوط ہوا اور مشترکہ مفادات کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طلبہ ، طب ، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں اب ہم ٹھوس اقدامات کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG