رسائی کے لنکس

اہم شعبوں میں تعاون کے لئے پاک روس یاددشتوں پر دستخط


اہم شعبوں میں تعاون کے لئے پاک روس یاددشتوں پر دستخط
اہم شعبوں میں تعاون کے لئے پاک روس یاددشتوں پر دستخط
پاکستان اور روس کے درمیان چار اہم شعبوں میں تعاون کی غرض سے مفاہمت کی چار یادداشتوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ ان شعبوں میں توانائی ،فضائی حدود، سرمایہ کاری اور زراعت شامل ہیں۔ اس پیش رفت کو صدر زرداری کے دورہ ماسکوکی اہم ترین کامیابی قرار دیاجارہا ہے۔

فضائی حدود سے متعلق ایم او یو پر پاکستان کے وزیر دفاع چوہدری احمد مختار اور روس کے وزیر ٹرانسپورٹ اگوف لیوئن نے دستخط کئے۔ توانائی کے شعبہ میں تعاون کیلئے وزیراعظم کے مشیر پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین اور روسی وزیر توانائی سرگئی شناترو نے دستخط کئے۔ زرعی شعبہ میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر روس کے وزیر زراعت کوولیف اور روس میں پاکستانی سفیر محمد خالد خٹک نے وزیر خوراک و زراعت کے نمائندہ کے طور پر دستخط کئے۔ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سلیم ایچ مانڈوی والا اور روس کی نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے چیئرمین نے کئے۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور روسی صدر دمتری مدویدوف بھی موجود تھے۔ توانائی کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشت سے پاکستان کے تیل و گیس کے شعبوں کی حوصلہ افزائی ہو گی، پٹرولیم و قدرتی گیس کی اسٹوریج میں مدد ملے گی، قدرتی گیس انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی اور قدرتی گیس کو موٹر ایندھن کے طور پر استعمال کرنے کو فروغ ملے گا۔

روسی گیس کمپنی ٹرائے ٹرانس گیس نے ترکمانستان، ایران اور قطر سے پاکستان کیلئے ٹرانس نیشنل گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ گیزپرام جیوسروس پٹرولیم کمپنی نے پاکستان میں تیل و گیس کی اسٹوریج سہولیات کی تعمیر پر اتفاق کیا ۔ یہی کمپنی پاکستان کے تیل و گیس کے ماہرین کو بھی تربیت دے گی۔

اس سے قبل روسی کمپنیوں کے ماہرین نے اپنے دورہ پاکستان میں زراعت ، آٹو موبائل انڈسٹری، ٹریکٹر سازی ، ٹیلی مواصلات، بینکاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی تعمیر اور پاکستان اسٹیل ملز کی توسیع کے ساتھ ساتھ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG