رسائی کے لنکس

زمبابوے کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حالیہ برسوں میں کینیا اور افغانستان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں لیکن چھ سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کوئی ٹیم پاکستان آ رہی ہے۔

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور یوں تقریباً چھ سال کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہونے جا رہی ہے۔

اس بات کا اعلان جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے پر آمادگی کے لیے وہ زمبابوے کرکٹ کے منتظمین کے شکرگزار ہیں اور ان کے بقول اس سے کرکٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں کے بھی پاکستان آکر کھیلنے کی راہ ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔

مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سے کوئی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان آکر کھیلنے پر رضا مند نہیں ہوئی اور پاکستان کو ان ٹیموں کی میزبانی متبادل گراؤنڈ یعنی متحدہ عرب امارات میں کرنا پڑی۔

حالیہ برسوں میں کینیا اور افغانستان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں لیکن چھ سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کوئی ٹیم پاکستان آ رہی ہے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ دیگر ملکوں سے بھی بات چیت چل رہی ہے اور امید ہے کہ ان کی طرف سے بھی کوئی خاطر خواہ جواب ملے گا۔

" یہ کہ یہ پاکستان کے لیے بہت اہم قدم ہے کہ ایک فل ٹیسٹ پلیئنگ ملک ہمارے ہاں آ رہا ہے، یہ دورہ کامیاب رہا تو اس سے ملک میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھی اچھا رہے گا ماحول کے لحاظ سے بھی۔"

زمبابوے کی ٹیم کا دورہ آئندہ ماہ کی انیس تاریخ سے شروع ہو گا جس میں وہ دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔

دریں اثناء پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

وہ ٹیسٹ اور ون ڈے سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اس وقت قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG