رسائی کے لنکس

چار کرداروں اور دو متضاد رشتوں کی کہانی۔۔’ زندگی تم ہو‘


کہانی میں چار مرکزی کردار ہیں۔ احسن، عیشاء سویرا اور سعد۔ احسن، عیشاء کا بہنوئی ہے۔ دوسری بیٹی کی پیدائش کے کچھ عرصے بعد ہی عیشاء کی بہن ایک حادثے میں انتقال کرجاتی ہے۔ لہذا، دونوں بچیوں کی پرورش عیشاء کی ذمہ داری بن جاتی ہے

پاکستان کے نجی چینلز نے ڈراموں کی شہرت کو آب حیات عطا کیا ہے۔ دنیا بھر میں ملکی ڈراموں کی جو دھوم اور منفرد پہچان ملی ہے، اس کی بنیاد اگرچہ سرکاری ٹی وی نے رکھی تھی۔ لیکن، اسے عروج دینے میں نجی ٹی وی چینلز کا بہت اہم کردار ہے۔

آج نجی ٹی وی چینلز کے تیار کردہ ڈرامے دنیا بھر میں۔۔اور خاص کر بھارت میں جس قدر مقبول ہیں وہ انہی چینلز کے سبب ممکن ہوسکا ہے۔ پھر ’ہم‘ تو وہ چینل ہے جس کے ڈرامے سرحدوں کے دونوں جانب سب سے زیادہ ’ناموری‘ کا سبب بنے۔

اسی چینل یعنی ’ہم ٹی وی‘ سے اب ایک اور نیا ڈرامہ سیریل ّزندگی تم ہوٗ شروع ہوا ہے جو دراصل رشتوں پر قربان ہوجانے والوں کی امرداستان ہے۔

کہانی میں چار مرکزی کردار ہیں۔ احسن، عیشاء سویرا اور سعد۔چاروں فطری طور پر مختلف مزاج رکھتے ہیں۔ احسن، عیشاء کا بہنوئی ہے۔ دوسری بیٹی کی پیدائش کے کچھ عرصے بعد ہی عیشاء کی بہن ایک حادثے میں انتقال کرجاتی ہے۔ لہذا، دونوں بچیوں کی پرورش عیشاء کی ذمہ داری بن جاتی ہے۔

عیشاء کے دل میں احسن کے لئے نرم گوشہ موجود ہے ‘اسے امید تھی کہ احسن اسے پروپوز کرے گا۔ لیکن، کہانی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی جب احسن اپنے بھائی سعد کی حماقتوں میں پھنس کر سویرا سے شادی کر بیٹھتا ہے۔

بعد میں انکشاف ہوتا ہے کہ یہ حماقتیں نہیں بلکہ ایک چال تھی۔ اس سازش سے ناصرف احسن کی زندگی بھنور میں پھنس جاتی ہے بلکہ عیشا ء اور احسن کے دونوں بچے بھی اس کی لپیٹ میں آجاتے ہیں، جبکہ سعد خود صاف طور پر بچ جاتا ہے اور بیرون ملک چلاجاتا ہے۔

سازش کیا تھی اور کہانی کا انجام کیا ہوا یہی 'زندگی تم ہو' کا مرکزی پلاٹ ہے جسے ارم وصی اور صائمہ وصی نے تحریر کیا ہے۔

ہم ٹی وی کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری تفصیلات کے مطابق ڈرامہ فرقان صدیقی کی زیر ہدایات انجام کو پہنچا ہے، جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں شہود علوی، اریج فاطمہ، یاسر مظہر، جگن کاظم اور منظور قریشی۔

XS
SM
MD
LG