رسائی کے لنکس

دلفریب اداؤں سے شہرت پانے والی ساسا گیبور انتقال کر گئیں


ساسا گیبور نے نو شادیاں کیں۔ پہلی شادی ہنگری میں ایک ترک سفارتکار سی کی تھی جنہیں وہ امریکہ منتقل ہوتے ہوئے چھوڑ آئی تھیں۔

اپنے ملکوتی حسن، ہیروں سے مرصع گلیمر اور نو بار شادی کرنے والی ماضی کی ہالی ووڈ اداکارہ ساسا گیمبور 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

ان کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ اتوار کی دوپہر ان کی وفات بیل ایئر میں ان کے گھر پر ہوئی اور اس موقع پر تمام گھر والے ان کے پاس موجود تھے۔

ساسا گیبور ہنگری میں ایک متمول گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے 1930ء کی دہائی میں مس ہنگری کا اعزاز بھی حاصل کیا لیکن دوسری جنگ عظیم کے شروع ہونے پر وہ اپنی بہنوں کے ہمراہ امریکہ منتقل ہو گئیں۔

ساسا نے 30 سے زائد فلموں میں اہم کردار نبھائے جن میں قابل ذکر (1952ء) کی "مولن روج" اور (1953ء) کی "للی" شامل ہیں۔

1970ء کی دہائی میں انھیں نسبتاً چھوٹے کردار ملنا شروع ہوئے جنہیں ٹھکراتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "میں شاید ایک کردار ہوں لیکن معاون اداکارہ بننا پسند نہیں کروں گی۔"

وہ امراء و رو ئیسا کے حلقوں میں خاصی مقبول تھیں اور وہ ہر کسی ڈارلنگ کہہ کر پکارتیں۔ لیکن یہ لفظ وہ اپنے مخصوص ہنگیرین لہجے "ڈاہ۔لنگ" ادا کرتیں۔ اس طرح سے پکارنے کی وجہ وہ یہ بتاتیں کہ انھیں لوگوں کے نام یاد نہیں رہتے۔

ساسا گیبور نے نو شادیاں کیں۔ پہلی شادی ہنگری میں ایک ترک سفارتکار سی کی تھی جنہیں وہ امریکہ منتقل ہوتے ہوئے چھوڑ آئی تھیں۔

انھیں "مہنگی ترین داشتہ" بھی تصور کیا جاتا رہا لیکن ان کا اصرار رہا کہ صرف ان کی دوسری شادی کا محرک دولت تھی۔ یہ شادی ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ معروف شخصیت کونارڈ ہلٹن سے ہوئی تھی۔

اپنی عمر کے آخری سالوں میں وہ صحت کے مختلف مسائل سے دوچار رہیں۔ ایک کار حادثے میں ان کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں جب کہ فالج اور کولہے کی ہڈی ٹوٹ جانے سے بھی وہ شدید تکلیف میں رہیں۔

وہ ہمیشہ ہی خبروں کی زینت رہیں جن میں ان کی شادیوں کے علاوہ ان کے مختلف بیانات کا عمل دخل رہا۔

1989ء میں ساسا گیبور نے ایک پولیس اہلکار کو اس بنا پر تھپڑ جڑ دیا کہ اس نے ان کی رولز روئس گاڑی کو روکا تھا کیونکہ گاڑی کی رجسٹریشن زائد المعیاد ہو چکی تھی۔ اس کی پاداش میں ساسا گیبور کو چند دن جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی۔

اپنی رہائی کے بعد انھوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں صرف جیل میں "ناقص" کھانے کی شکایت کی۔

XS
SM
MD
LG