رسائی کے لنکس

پاکستان نے انگلینڈ کےخلاف سیریز دو، صفر سے جیت لی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیریز جیتنے کے بعد پاکستان اب ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کر کے دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ براجمان ہے۔

پاکستان نے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 127 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو، صفر سے جیت لی ہے۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں جیت کے لیے پاکستان نے حریف ٹیم کو 284 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن میچ کے آخری روز جمعرات کو پاکستانی باؤلروں نے برطانوی بلے بازوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور پوری ٹیم کو 156 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

میچ کے آخری روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 46 رنز دو کھلاڑی سے کیا لیکن یاسر شاہ نے فوراً ہی روٹ کو ایل بی ڈبلیو کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی ڈگر پر گامزن کر دیا۔

بعد میں آنے والا کوئی کھلاڑی بھی جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگر ٹیلر، بائرسٹو اور پٹیل پویلین لوٹ گئے۔

کپتان الیسٹر کک کے ساتھ مل کر عادل رشید نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی صرف 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پھر براڈ اپنے کپتان کا ساتھ دینے پہنچے لیکن وہ بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔

الیسٹر کک کے آؤٹ ہوتے ہی انگلینڈ کی جیت کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ وہ 63 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے مجموعی طور پر یاسر شاہ اور شعیب ملک نے سات، سات اور ذوالفقار بابر اور راحت علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سیریز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے پر یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز جب کہ محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ انھوں نے دوسری اننگز میں 151 رنز اسکور کیے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 178 رنز جیتا تھا جب کہ دوسرا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

سیریز جیتنے کے بعد پاکستان اب ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کر کے دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ براجمان ہے جب کہ انگلینڈ کی پوزیشن چھ ہے۔

میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی پر خوش ہیں۔

"جس طرح ان فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں پھر دوبارہ واپسی ہوئی اور اللہ نے مجھ سے جو پرفامنس کروائی اس پر بہت خوش ہوں۔۔۔اپنی لائن اور لینتھ پر توجہ دی، اور جو شین وارن نے تکنیک بتائی اس پر بھی توجہ دی۔ باقی پر نیٹ میں کام کر رہا ہوں۔"

انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے سیریز میں اچھا مقابلہ کیا لیکن "ہم پاکستان پر قابو نہ پا سکے۔"

اب دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز شروع ہو گی جس کا پہلا میچ 11 نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG