رسائی کے لنکس

ریو اولمپک گیمزمیں آبی کھیلوں کے مقامات پر آلودگی کے خدشات: رپورٹ


ان کھیلوں میں حصہ لینے والے 10,000 کھلاڑیوں میں سے متوقع طور پر تقریباً 1,400 کھلاڑی آبی کھیلوں میں حصہ لیں گے

آئندہ سال ریو میں ہونے والے اولمپک کھیلوں میں واٹر اسپورٹس کے مقامات کے متعلق سامنے آنی والی ایک رپورٹ کے مطابق ان میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بیکٹریا اور وائرس کی خطرناک سطح کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں اس بات کا دعویٰ کیا کہ برازیل کے سیاحتی شہر ریو ڈی جنیرو میں اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کے دوران تیراکی اور کشتی رانی کے مقابلوں کے لئے مقرر کیے گئے مقامات میں آلودہ پانی میں وائرس اور بیکٹریا کی بھاری مقدار پائی گئی ہے۔

ان کھیلوں میں حصہ لینے والے 10,000 کھلاڑیوں میں سے متوقع طور پر تقریباً 1,400 کھلاڑی آبی کھیلوں میں حصہ لیں گے جن کا انعقاد کوپاکبانا کے ساحل کے قریب خلیج گوانابارا اور رادریگو دی فریستاس کی جھیل میں کیا جائے گا۔

ان آبی کھیلوں میں کشتی رانی اور طویل فاصلے کی تیراکی جیسے مقابلوں کا انعقاد شامل ہیں۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے اس ہفتے کوالالمپور میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریو میں اگلے سال ہونے والے کھیلوں میں آبی کھیلوں کے مقابلوں کی جگہوں میں حفظان صحت کی درپیش صورت حال ایک بڑا چیلج ہے۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کے کچھ اقدامات پہلے ہی سے اٹھائے جا رہے ہیں اور باقی اقدامات کھیلوں کے شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے اور کھیلوں کے دوران اٹھائے جائیں گے۔

خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق برازیل کے حکام کی اس یقین دہانی کے باوجود کہ یہ مقامات مقابلوں کے لئے محفوظ ہیں، ان مقابلوں میں شرکت کے لئے ریو میں ٹریننگ حاصل کرنے والے کچھ کھلاڑی بخار، قے اور اسہال کے ساتھ بیمار پڑ گئے۔

ایک امریکی مبصر کرسٹینا مینا نے کہا کہ تمام آبی جگہوں میں باہر سے آنے والے کھلاڑیوں کے انفیکشن میں مبتلا ہونے کے 99 فیصد امکانات ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ برازیل کے شہریوں کی طرف سے محفوظ بنائے بغیر آلودہ پانی ان ندی نالوں میں پھینکنے کی عادت کی وجہ سے جو سمندر میں گرتے ہیں، اولمپک سٹی کے گردونواح میں آلودگی کی ایک بنیادی وجہ ہے۔

رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ برازیل کی طرف سے خیلج گوانابارا میں گرنے والے آلودہ پانی کو صاف کرنے کے لئے آٹھ پلانٹ تعمیر کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم ابھی تک صرف ایک پلانٹ کی تعمیر ہو سکی ہے۔

ریو کے گورنر لوئس پیزاؤ کہہ چکے ہیں کہ آئندہ سال شروع ہونے والی کھیلوں سے پہلے خیلج کو صاف کرنے کا کام مکمل نہیں ہو سکے گا جبکہ ریو کے میئر ایڈوراڈو پیس نے کہا کہ صفائی ستھرائی کی ناکام کوششیں" ایک موقع گنوا دینے" کا مظہر ہے۔

ریو اولمپک کمیٹی نے اس رپورٹ پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے اگرچہ ان کی ویب سائیٹ کے بیان میں خیلج اور نہروں کے علاقے کی بحالی کا وعدہ کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG