رسائی کے لنکس

افغانستان: خاتون قانون ساز پر بم حملے میں تین شہری ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شکریہ بارکزئی خواتین کے حقوق کی ایک سرگرم کارکن اور نئے صدر اشرف غنی کے قریبی اتحادیوں میں شامل ہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اتوار کو ایک خاتون قانون ساز کی گاڑی پر ہونے والے بم حملے میں کم ازکم تین افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق شکریہ بارکزئی پارلیمنٹ جارہی تھیں کہ ان کی گاڑی کے قریب بم کا ایک زور دار دھماکا ہوا۔

دھماکے میں قانون ساز تو محفوظ رہیں لیکن وہاں موجود تین عام شہری ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہو گئے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھا جس نے شکریہ بارکزئی کی گاڑی کے قریب دھماکا کیا۔

شکریہ بارکزئی خواتین کے حقوق کی ایک سرگرم کارکن اور نئے صدر اشرف غنی کے قریبی اتحادیوں میں شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ "وہ اپنے لوگوں کی دعاؤں سے اس واقعے میں محفوظ رہیں۔"

جنگ سے تباہ حال اس ملک میں حالیہ مہینوں کے دوران شدت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ طالبان حکام اور سرکاری تنصیبات پر ہلاکت خیز حملے کرتے آرہے ہیں اور انھوں نے ایسے مزید حملوں کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔

رواں سال کے اواخر میں بین الاقوامی افواج کا افغانستان سے انخلا مکمل ہو رہا ہے اور اسی تناظر میں طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کی مقامی سکیورٹی فورسز کے لیے ایک نیا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

ایک دوطرفہ سکیورٹی معاہدے کے تحت امریکہ کے تقریباً نو ہزار فوجی 2014ء کے بعد بھی افغانستان میں رہتے ہوئے مقامی سکیورٹی فورسز کی تربیت اور انسداد دہشت گردی میں ان کی معاونت کرتے رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG