رسائی کے لنکس

کابل میں ترک سفارتخانے کی گاڑی پر خودکش حملہ


حالیہ مہینوں میں یہ دوسری سفارتی گاڑی ہے جسے طالبان کی طرف سے حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

افغانستان کے دارالحکومت میں ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی نیٹو کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی گاڑی سے ٹکرا دی جس سے ایک ترک فوجی ہلاک جب کہ کم ازکم ایک شخص زخمی ہو گیا۔

یہ واقعہ کابل میں جرمنی، ایران اور ترکی کے سفارت خانوں کے قریب پیش آیا جس سے ان سفارت خانوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

ترک فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ترکی کے نمائندے اسمٰعیل کی سکیورٹی ٹیم کی ایک گاڑی کو ایک کار بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

طالبان نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز نے طالبان کی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی طرف سے مبینہ طور ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے کا مقصد امریکی فوجی قافلے کو نشانہ بنانا تھا۔ ان کے بقول اس کا نشانہ کوئی سفارت خانہ یا کسی دوسرے ملک کا شہری نہیں تھا۔

افغانستان کی وزارت داخلہ نے کہا کہ اس حملے میں نشانہ بننے والی گاڑی کا تعلق ترکی کے سفارت خانے سے تھا اس دھماکے میں گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا ہے۔

حالیہ مہینوں میں یہ دوسری سفارتی گاڑی ہے جسے طالبان کی طرف سے حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل برطانوی سفارت خانے کی گاڑی پر نومبر میں خود کش حملہ کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG