رسائی کے لنکس

افغانستان: دو مختلف بم دھماکوں میں کم ازکم 12 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صوبائی پولیس کے ترجمان سید سرور حسینی کے مطابق پولیس کی ایک گاڑی راستے سے گزر رہی تھی کہ وہاں سڑک میں نصب بم میں زور دار دھماکا ہوا۔

افغانستان میں حکام نے بتایا ہے کہ دو مختلف بم دھماکوں میں کم ازکم 12 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

صوبہ کپسیا کے پولیس سربراہ جنرل عبدالکریم فائق نے امریکی خبر رساں ایجنسی "روئٹرز" کو بتایا کہ اتوار کو ضلع تگاب میں ایک گاڑی سڑک میں نصب بم سے ٹکرا گئی جس سے کم ازکم دس افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔

اس علاقے میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیاں جاری ہیں اور حکام کے بقول ان کی طرف سے اکثر سڑک میں بم نصب کر کے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

شمالی صوبے قندوز میں ایک ایسے ہی واقعے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

صوبائی پولیس کے ترجمان سید سرور حسینی کے مطابق پولیس کی ایک گاڑی راستے سے گزر رہی تھی کہ وہاں سڑک میں نصب بم میں زور دار دھماکا ہوا۔

دھماکے سے دو راہگیر ہلاک جب کہ دو پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔

جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان سے گزشتہ سال بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد سے یہاں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز ملک کے کسی نہ کسی حصے سے تشدد کے واقعات اور اس میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG