رسائی کے لنکس

افغانستان: فورسز نے موسیٰ قلعہ کا کنٹرول حاصل کر لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ فوج کے سربراہ کی قیادت میں یہ جامع آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں موسیٰ قلعہ کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔ کارروائی میں 220 دشمنوں کو ہلاک و زخمی کر دیا گیا۔

افغانستان میں حکام نے بتایا ہے کہ سرکاری فورسز نے جنوبی صوبہ ہلمند کے ایک اہم شہر موسیٰ قلعہ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ گزشتہ بدھ کو طالبان نے اس شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

صوبائی گورنر کے ایک ترجمان عمر زواک نے اتوار کو کہا ہے افغان فورسز نے قبضہ چھڑوانے کے لیے جمعہ کو کارروائی شروع کی تھی۔ اس لڑائی میں ان کے بقول چھ فوجی ہلاک اور 14 زخمی بھی ہوئے۔

افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ "فوج کے سربراہ کی قیادت میں یہ جامع آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں موسیٰ قلعہ کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔ کارروائی میں 220 دشمنوں کو ہلاک و زخمی کر دیا گیا۔"

افغانستان میں مقامی سکیورٹی فورسز کی تربیت اور معاونت کے لیے موجود بین الاقوامی افواج نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

نیٹو ریزولیوٹ سپورٹ مشن میں شامل امریکی لڑاکا طیاروں نے ایک ہفتہ کے دوران اس ضلع کے گرد و پیش میں طالبان کے اہداف کے خلاف 18 فضائی حملے کیے جب کہ بین الاقوامی فوجیوں نے زمینی لڑائی میں بھی افغان فوجیوں کی معاونت کی۔

طالبان کی طرف سے حالیہ مہینوں میں جہاں افغانستان میں تشدد پر مبنی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا وہیں انھوں نے بعض علاقوں پر بھی قضبہ کیا۔ لیکن فی الوقت عسکریت پسند زیادہ دیر تک اپنے تسلط کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG