رسائی کے لنکس

کابل: ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والے ’دہشت گرد مارے گئے‘


افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ’’اب علاقہ صاف کیا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہے۔‘‘

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جمعرات کی صبح دہشت گردوں کے حملے کے بعد شروع کی گئی کارروائی تقریباً چار گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ’’اب علاقہ صاف کیا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہے۔‘‘

عہدیداروں کے مطابق فورسز نے مکمل طور پر ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

کابل پولیس کے سربراہ محمد زبیر کے مطابق ہوائی اڈے پر کوئی نقصان نہیں ہوا اور دہشت گردوں سے جھڑپ میں صرف ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے ہوائی اڈے پر جمعرات کو علی الصبح راکٹوں سے حملہ کیا۔

مسلح افراد نے ہوائی اڈے سے سات سو گز کے فاصلے پر دو زیر تعمیر عمارتوں پر قبضہ کیا اور وہاں سے ایئرپورٹ پر راکٹ اور جدید اسلحے سے فائر کیے۔

متعدد راکٹ ایئرپورٹ کے احاطے میں گرے، لیکن اس سے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔

کابل کے اس ہوائی اڈے پر معمول کی پروازوں کے علاوہ غیر ملکی اتحادی افواج بھی فضائی آمدورفت کے لیے یہ ایئرپورٹ استعمال کرتی ہیں۔

حالیہ مہینوں میں افغانستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دو روز قبل ہی ملک کے مشرقی صوبے میں ہونے والے ایک خودکش کار بم دھماکے میں کم ازکم 89 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG