رسائی کے لنکس

فضائی کارروائی میں ’داعش کا کیمیائی ہتھیاروں کا ماہر ہلاک‘


ابو مالک نے اپنے تجربات کی بنیاد پر اس دہشت گرد گروپ کو کیمیائی ہتھیاروں کی صلاحیت کے حصول کی جانب گامزن کر رکھا تھا۔

امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کے ایک بیان کے مطابق داعش کے کیمیائی ہتھیاروں کا ایک ماہر ابو مالک عراق کے شہر موصل کے قریب فضائی کارروائی میں ہلاک ہو گیا ہے۔

ابو مالک 24 جنوری کو فضائی کارروائی میں مارا گیا، امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک بیان کے مطابق ابو مالک عراق کے سابق صدر صدام حسین کے دور میں کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق پروگرام میں انجینئر تھا۔

بیان کے مطابق ابو مالک نے 2005ء میں القاعدہ میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں وہ داعش میں شامل ہو گیا اور اس نے اپنے تجربات کی بنیاد پر اس دہشت گرد گروپ کو کیمیائی ہتھیاروں کی صلاحیت کے حصول کی جانب گامزن کر رکھا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ابو مالک کی ہلاکت سے نا صرف داعش کے نیٹ ورک کو نقصان پہنچا بلکہ اس سے شدت پسندوں کے کیمیائی ہتھیار بنانے کی ممکنہ صلاحیت اور معصوم لوگوں کے خلاف اس کے استعمال کو بھی نقصان پہنچا۔

امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ممالک عراق اور شام میں داعش کے ٹھکانوں پر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے عہدیداروں کے مطابق شدت پسندوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔

XS
SM
MD
LG