رسائی کے لنکس

وہاب اور واٹسن پر جرمانہ عائد


وہاب ریاض (فائل فوٹو)
وہاب ریاض (فائل فوٹو)

وہاب آسٹریلوی بلے باز کو کروائی جانے والی اپنی ہر گیند کے بعد کچھ نہ کچھ کہہ کر یا کسی اشارے سے انھیں چڑانے کی کوشش کرتے رہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کی طرف سے پاکستان کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن پر غیر ذمہ دارانہ رویے کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

جمعہ کو کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں وہاب اور واٹسن کے درمیان تقریباً نصف گھنٹے تک نوک جھونک کا سلسلہ جاری رہا جس سے گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں کے علاوہ ٹی وی پر میچ دیکھنے والے بھی خاصے لطف اندوز ہوتے رہے۔

وہاب آسٹریلوی بلے باز کو کروائی جانے والی اپنی ہر گیند کے بعد کچھ نہ کچھ کہہ کر یا کسی اشارے سے انھیں چڑانے کی کوشش کرتے رہے۔

صرف چار کے انفرادی اسکور پر وہاب کی گیند پر واٹس کا کیچ ڈراپ ہوا جس کے بعد انھوں نے ناقابل تسخیر 64 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آئی سی سی کے ایک بیان میں میچ ریفری رنجن مدوگالے نے کہا کہ "یہ واٹسن اور وہاب کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ تھا لیکن بعد میں دونوں کھلاڑیوں نے مسابقت کی حد فاصل کو عبور کر لیا اور ایسا رویہ اپنایا جو قابل قبول نہیں تھا۔"

وہاب پر جملے بازی اور ایسے اشارے کرنے پر جو کہ تضحیک یا ناشائستگی کے زمرے میں آتے ہیں، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

واٹسن کو امپائر کی تنبیہ کے باوجود وہاب سے بات کرنے پر کھیل کے ضابطے کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

یہ میچ ورلڈ کپ میں پاکستان کے سفر کا اختتام تھا کیونکہ آسٹریلیا نے اسے شکست دے کر گھر واپس بھیج دیا جب کہ خود سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

XS
SM
MD
LG