رسائی کے لنکس

بغداد: خودکش کار بم دھماکا، متعدد افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس حکام کے مطابق اس حملے کا نشانہ امام موسیٰ کاظم کے مزار کی طرف جانے والے زائرین تھے جب کہ بعض اطلاعات کے مطابق حملہ آور ایک بازار میں دھماکا کرنا چاہتا تھا۔

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہفتہ کو ہونے والے ایک خودکش کار بم دھماکے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق حمملہ آور نے بارودی سے بھری گاڑی کے ذریعے شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ان زائرین کو نشانہ بنایا جو امام موسیٰ کاظم کے مزار کی طرف جا رہے تھے۔

تاہم ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ حملہ آور یہیں واقع ایک بازار میں دھماکا کرنا چاہتا تھا۔

فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروپ نے تسلیم نہیں کی ہے لیکن اس سے قبل شدت پسند گروپ داعش ایسی ہی کارروائیوں کے ذریعے بغداد اور گرد و نواح میں شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بناتا آیا ہے۔

امام موسیٰ کاظم کے مزار پر ہر سال لوگوں کی ایک بڑی تعداد اظہار عقیدت کے لیے جمع ہوتی ہے جس میں عراق کے علاوہ دنیا کے مختلف ملکوں سے بھی لوگ یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں زائرین پر بم حملوں کے واقعات بھی دیکھنے میں آچکے ہیں۔

گزشتہ سال ایسے ہی ایک حملے میں کم ازکم 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ بغداد میں ہونے والے بم دھماکوں کے باعث 40 سے زائد عام شہری بھی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG