رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھارت کو مسلسل دوسری شکست


فائل
فائل

بنگلہ دیش نے دو بار عالمی چیمپئن رہنے والے بھارت کےخلاف پہلی بار ون ڈے سیریز جیتی ہے

بنگلہ دیش نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

اتوار کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کی پوری ٹیم 45 اوورز میں صرف 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز تک محدود کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 200 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جسے میزبان ٹیم نے 38 اوورز میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش نے دو بار عالمی چیمپئن رہنے والے بھارت کےخلاف پہلی بار ون ڈے سیریز جیتی ہے جس کے ساتھ ہی ٹائیگرز نے 2017ء کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔

اتوار کے میچ میں بھی بنگلہ دیش کے 19 سالہ نوجوان بالر مستفیض الرحمن نے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور 43 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کرکے 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔

اس سےقبل جمعرات کو کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں بھی مستفیض نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہ مستفیض کا پہلا بین الاقوامی میچ تھا جس میں میزبان ٹیم نے بھارت کو 79 رنز سے شکست دی تھی۔

سیریز کا تیسرا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔

عالمی کرکٹ میں بنگلہ دیش کا شمار نسبتاً نوآموز ٹیموں میں ہوتا ہے لیکن حالیہ کچھ مہینوں کے دوران ایک روزہ میچوں میں اس کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔

ٹائیگرز نے رواں سال ہونے والے عالمی کپ میں انگلینڈ کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔ اپریل میں بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کو ہوم سیریز میں 0-3 سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG