رسائی کے لنکس

بھارت: ضمنی انتخابات میں جنتا پارٹی کو شکست


وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جماعت مختلف ریاستی اسمبلیوں کی ان 23 میں سے 13 نشستوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے جو اس سے قبل اس کے پاس تھیں۔

بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو قومی اور ریاستی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات میں حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جماعت مختلف ریاستی اسمبلیوں کی ان 23 میں سے 13 نشستوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے جو اس سے قبل اس کے پاس تھیں۔

بھارتی الیکشن کمیشن نے منگل کو لوک سبھا کی تین اور نو ریاستی اسمبلیوں کی 33 خالی نشستوں پر گزشتہ ہفتے ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔

انتخابی نتائج کے مطابق بی جے پی نے 12، کانگریس نے سات اور سماج وادی پارٹی نے آٹھ نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ باقی نشستوں پر دیگر جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

جنتا پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان ریاست اتر پردیش میں اٹھانا پڑا ہے جہاں چار ماہ قبل لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی نے کلین سوئپ کیا تھا۔

ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو اتر پردیش اسمبلی کی 11 میں سے صرف تین نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ ریاست کی حکمران جماعت 'سماج وادی پارٹی' نے آٹھ نشستیں جیت لی ہیں۔

ریاست سے لوک سبھا کی ایک خالی نشست پر بھی سماج وادی پارٹی کا امیدوار کامیاب ہوا ہے۔ یہ نشست سماج وادی کے سربراہ ملائم سنگھ یادیو نے خالی کی تھی۔

وزیرِاعظم نریندر مودی کی جانب سے خالی کی جانے والی ریاست گجرات کے حلقے ودودارا سے لوک سبھا کی نشست پر جنتا پارٹی کا امیدوار کامیاب ہوگیا ہے ۔ مودی نے لوک سبھا کی دو نشستوں سے انتخاب لڑا تھا اور کامیاب ہونے کے بعد انہوں نے اترپردیش کے علاقے واراناسی کی نشست اپنے پاس رکھی ہے۔

تاہم وزیرِاعظم کی آبائی ریاست گجرات میں ان کی جماعت کو دھچکا لگا ہے جہاں ریاستی اسمبلی کی نو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں سے تین نشستیں کانگریس نے جیت لی ہیں جو اس سے قبل بی جے پی کے پاس تھیں۔ باقی چھ نشستوں پر جنتا پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں گجرات سے لوک سبھا کی تمام 26 نشستوں پر جنتا پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے اور حالیہ شکست کو ریاست میں حکمران جماعت کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

راجھستان میں بھی ضمنی انتخاب کے نتائج بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے اچھے ثابت نہیں ہوئے جہاں ریاستی اسمبلی کی چار نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں بی جے پی نے صرف ایک نشست حاصل کی ہے۔

ریاستی اسمبلی کی باقی تین نشستوں پر کانگریس کے امیدواروں نے کامیاب ہوکر سب کوحیران کردیا ہے۔مئی کے عام انتخابات میں راجھستان میں بھی بی جے پی نے سوئپ کیا تھا۔

جنتا پارٹی کے رہنما ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست کی ذمہ داری وزیرِ اعظم نریندر مودی کی کارکردگی پر ڈالنے سے گریز کر رہے ہیں تاہم کانگریس اور حزبِ اختلاف کی دیگر جماعتوں نے اسے وزیرِاعظم پر عوام کا عدم اعتماد قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG