رسائی کے لنکس

برطانیہ: سی وی میں غلط معلومات پر جیل کی سزا


طلبہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ سی وی میں جھوٹی معلومات فراہم کرنے پر درخواست دہندہ کو 10 برس قید کی سزا کاٹنی پڑ سکتی ہے۔

برطانیہ میں فراڈ کی روک تھام کے ادارے کے افسران کی جانب سے ملک کی تمام جامعات کو نئی ہدایات بھیجی گئی ہیں جن میں طلبہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ سی وی کو پرکشش بنانے کے لیے جھوٹی معلومات فراہم کرنے پر انھیں دھوکہ دہی کے الزام میں جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ہدایات میں طلبہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ سی وی میں تعلیمی قابلیت، مہارت، اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مطلوبہ تجربے کے بارے جھوٹی معلومات فراہم کرنے پر درخواست دہندہ کو 10 برس قید کی سزا کاٹنی پڑ سکتی ہے۔

برطانوی روزنامے 'انڈیپینڈنٹ' کے مطابق ایسی تمام درخواستیں جو غلط بیانی یا جھوٹی معلومات پر مشتمل ہوں گی انھیں 'سی آئی ایف اے سی' کے ادارے کے سپرد کیا جائے گا جہاں ان کی فائل چھ برس کےعرصے کے لیے محفوظ رکھی جاسکتی ہے۔

اس عرصے کے دوران ایسے طلبہ فراڈ کا لیبل لگنے کی وجہ سے کہیں بھی ملازمت کی درخواست دینے کے قابل نہیں رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ سی وی میں فراہم کی جانے والی تمام معلومات کی جانچ پڑتال کرنا ممکن نہیں ہے لیکن سفید چھوٹ ہر حال میں غلط ہے جسے دھوکہ دہی کے زمرے میں شامل کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں اگر تعلیمی نتائج میں گریڈز اور غیر نصابی سرگرمیوں یا ریفرنس کے حوالے سے فراہم کی جانے والی معلومات غلط ثابت ہوتی ہیں تو ڈر اس بات کا ہے کہ ایسے طلبہ کا کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو سکتا ہے۔

'سی آئی ایف اے ایس' کے چیف ایگزیکٹیو سائمن ڈیوکس نے کہا کہ نئی ہدایات کے جاری ہونے کے بعد بھی اگر کوئی طالب علم دھوکہ دی کے الزام میں پکڑا جاتا ہے تو اس کا کوئی عذر قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ایک حالیہ واقعہ میں ایک جز وقتی استاد کی اسامی کے لیے جمع کرائی جانے والی درخواست میں طالب علم نے خود کو ماسٹر سند کا حامل بتایا جبکہ وہ ڈگری آن لائن خریدی گئی تھی جس کے لیے وہ 12 ہفتوں کی جیل کی سزا کا سامنا کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ روزگار کے مواقع کی قلت اور مقابلے کے رجحان کی وجہ سے برطانیہ میں ایک ملازمت کے لیے کم از کم 85 گریجویٹ سطح کے امیدوار ہوتے ہیں، اس لیے حصولِ روزگار کے لیے دھوکہ دہی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 324 افراد کے خلاف ملازمت کے لیے درخواستوں میں جھوٹی معلومات دینے پر فراڈ کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

XS
SM
MD
LG