رسائی کے لنکس

کراچی میں اتوار کو موبائل فون سروس معطل رہے گی


ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو صبح چار بجے سے رات گیارہ بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی

کراچی میں اتوار کو ’یوم علی‘ کے موقع پر صبح چار بجے سے رات گیارہ بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

سروس معطل رکھنے کے لئے صوبائی محکمہٴداخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ ایک خط ارسال کیا تھا جس میں اتوار 20جولائی کو یوم علی کے موقع پر کراچی میں کسی بھی ممکنہ ناخوش گوار واقعے یا دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی سے بچنے کے لئے موبائل فون سروس معطل رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔

اس سے قبل جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے اتوار تک کراچی سمیت اندورن سندھ 3 روز تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کردی گئی تھی۔

یوم علی کے موقع پر شہر بھر میں مختلف جلوس نکالے جائیں گے جو بندر روڈ سے ہوتے ہوئے کھارادر پر ختم ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ جلوس کے شرکا کی حفاظت کے لئے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ جلوس کے شرکا کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جائے گا، جبکہ تمام داخلی و خارجی راستے سیل کردیئے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG