رسائی کے لنکس

لندن: سالِ نو کی آتش بازی پر 10 پونڈ کا ٹکٹ مقرر


لندن کی سالِ نو کی آتش بازی کی مشہور تقریب میں شرکت کے لیے ہر شخص کو 10 پونڈ کے ٹکٹ خریدنا پڑے گا۔

لندن کی روایتی سال نوکی آتش بازی دیکھنے کے خواہش مند افرادسے رواں برس ٹکٹ وصول کیا جائے گا۔

لندن کے مئیربورس جانسن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ سال نو کی آتش بازی کی تقریب میں شرکت کے لیے ہرشخص کو10 پونڈ کے ٹکٹ کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔

لندن میں ہر سال 31 دسمبر کی رات ہونے والی آتش بازی کی سالانہ تقریب اس سے قبل مفت ہوا کرتی تھی جس پر اب لندن کے مئیر نے ٹکٹ لگادیا ہے۔

اعلان کے مطابق تقریب کے لیے دس پونڈ کی لاگت کے ایک لاکھ ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس یہ مشہورِ زمانہ آتش بازی دیکھنے والوں کی تعداد تقریباً پانچ لاکھ تھی ۔

اپنے اقدام کے دفاع میں مئیر جانسن کا کہنا ہے کہ اس تقریب میں شریک ہونے والے لوگوں کی تعداد میں کمی کے لیے ایسا کرنا ضروری تھا تاکہ لوگ زیادہ اچھی طرح تقریب سے لطف اندوز ہوسکیں ۔

بورس جانسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آتش بازی کی یہ تقریب دنیا بھرمیں سالِ نو کے بڑے جشن میں سے ایک ہے جو نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہے۔ اس یادگار موقع پر ہرسال مقامی افراد اور بڑی تعداد میں سیاح جمع ہوتے ہیں ۔

بیان میں لندن کے میئر نے کہا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ لوگ آتش بازی کے بہترین نظارے کی خواہش میں شام سے ہی سینٹرل لندن میں سخت سردی میں ڈیرے جما لیتے ہیں لیکن کوشش کے باوجود بہت سے لوگ وہاں پہنچنے کے بعد بھی آتش بازی دیکھنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ان کے بقول اس بد نظمی کو روکنے اور تقریب کے تحفظ کے لیے اس پر ٹکٹ لگانا ضروری تھا ۔

مقامی انتظامیہ،ایمرجنسی حکام اور ٹرانسپورٹ آف لندن کی طرف سے مئیر کے اس فیصلے کی حمایت کی گئی ہے جبکہ حزب اختلاف کے رہنماؤں نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق سالِ نو کی آتش بازی کی تقریب کے ٹکٹ 'گورنمنٹ یوکے' کی ویب سائٹ پر 26 ستمبر کی دوپہر 12 بجے سے دستیاب ہوں گے ۔

XS
SM
MD
LG