رسائی کے لنکس

چلی میں شدید زلزلے سے پانچ ہلاک


حکام کے مطابق زلزلے کے بعد تقریباً دو میٹر بلند سمندری ساحل کے قریبی علاقوں سے ٹکرا رہی ہیں۔

چلی کے شمال مغرب میں شدید زلزلے اور اس سے پیدا ہونے والی سونامی کے باعث ساحلی علاقوں سے لوگوں کا انخلا شروع ہو گیا ہے۔


امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزے کی شدت 8.2 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز آئیکیویک سے 100 کلومیٹرشمال مغرب میں سطح سمندر سے دس کلومیٹر نیچے تھا۔

وزیرداخلہ روڈریگو پینائلیلو نے کہا ہے کہ زلزلے سے کم ازکم پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ ان کے بقول ان کی موت زلزلے سے دیواریں گرنے یا حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیکیویک میں خواتین کی ایک جیل سے کم ازکم تین سو قیدی بھی فرار ہوگئیں۔ شہر میں لوٹ مار یا بدامنی کو روکنے کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق زلزلے کے بعد تقریباً دو میٹر بلند سمندری ساحل کے قریبی علاقوں سے ٹکرا رہی ہیں جس کے بعد لہروں میں شدت کا انتباہ جاری کرتے ہوئے یہاں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئیں۔

بحرالکاہل کے ساحل پر واقع تمام وسطی اور جنوب امریکی علاقوں کے لیے بھی سونامی کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

چلی میں ہنگامی امداد کے محکمے کے مطابق زلزلے مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے چند سڑکیں اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی، الاسکا، کیلیفورنیا، اوریگون یا ریاست واشنگٹن کے ساحلوں کو چلی میں آنے والے زلزلے سے کوئی فوری خطرہ تو نہیں لیکن فی الوقت اس کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔

چلی کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں تباہ کن زلزلے آتے رہتے ہیں۔ 2012ء میں آٹھ اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے سے کم ازکم پانچ سو سے زائد افراد ہلاک جب کہ دو لاکھ 20 ہزار مکانات تباہ ہوگئے تھے۔

منگل کو آنے والے شدید زلزلے سے پہلے بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جن میں اتوار کو چھ شدت کا زلزلہ بھی شامل ہے۔
XS
SM
MD
LG